ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.65 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 11.85 فیصد تک پہنچ گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 12 اشیا سستی ہوئیں، جبکہ 20 کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی کی قیمت میں 22.44 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پیٹرول کی قیمت 3.63 فیصد کم ہوئی۔
ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران ایل پی جی کی قیمت میں 107 فیصد اضافہ ہوا۔ اس عرصے میں پیاز 72.81 فیصد اور بجلی کے چارجز 58.59 فیصد مہنگے ہوئے، جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 44.17 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 41.56 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک سال کے دوران چکن کی قیمت میں 38.99 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 36.49 فیصد اضافہ ہوا۔
دوسری جانب بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک سال میں ٹماٹر 71.72 فیصد اور آلو 40.75 فیصد سستے ہوئے، جبکہ چینی کی قیمت میں 25 فیصد کمی ہوئی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں اضافے کی بڑی وجوہات میں ایل پی جی سمیت متعدد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ شامل ہے، جبکہ سالانہ اعداد و شمار توانائی اور خوراک کی متعدد اشیا کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کی نشاندہی کرتے ہیں۔