وزیراعظم کا کسانوں کے لیے بڑا اقدام، 2027ء کے لیے گندم کی مجوزہ قیمت 4500 روپے مقرر

image

وزیراعظم شہباز شریف نے کسانوں کو ریلیف دینے اور ملکی زرعی شعبے کو فروغ دینے کے لیے 2027ء کے لیے گندم کی مجوزہ قیمت 4500 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 1000 روپے زیادہ ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق گندم کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ پیداواری لاگت اور کسانوں کو درپیش معاشی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ اس فیصلے میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی رہنمائی، جبکہ وزرائے اعلیٰ پنجاب اور سندھ سے مشاورت شامل ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مشاورتی عمل میں تعاون پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے تعاون کو بھی سراہا۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ گندم کی مجوزہ قیمت بڑھانے کا بنیادی مقصد کسانوں کو پیداواری اخراجات اور مہنگائی کے دباؤ سے ریلیف فراہم کرنا اور انہیں گندم کی کاشت کی مؤثر ترغیب دینا ہے۔ نئی قیمت سے کسانوں کو اپنی پیداواری لاگت پوری کرنے اور مناسب منافع حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی کے باعث گزشتہ عرصے میں کسانوں کو مشکلات کا سامنا رہا، جبکہ گزشتہ دو برس کے دوران ملک کو گندم درآمد کرنا پڑی۔

وزیراعظم کے مطابق گندم کی قیمت میں اضافہ ملکی غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔ حکومت کو توقع ہے کہ اس اقدام سے آئندہ سیزن میں گندم کی ملکی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور زرعی شعبے کو استحکام ملے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US