لاہور میں بسنت 2027 کے انتظامات پر ایک ارب روپے سے زائد اخراجات کا تخمینہ، ضمنی گرانٹ طلب

image

لاہور میں تین روزہ بسنت تہوار کے انعقاد کے لیے ایک ارب ایک کروڑ 73 لاکھ روپے سے زائد کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ انتظامات کے لیے ضلعی انتظامیہ نے محکمہ داخلہ پنجاب کو ضمنی گرانٹ کی سمری ارسال کردی ہے۔

مجوزہ منصوبے کے تحت بسنت کے دوران سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی، طبی امداد اور دیگر انتظامی امور کے لیے مختلف محکموں کو فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔

دستاویزات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر لاہور نے ٹریفک اور سیکیورٹی انتظامات کے لیے 46 کروڑ 18 لاکھ روپے طلب کیے ہیں، جبکہ ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کے لیے 20 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

اسی طرح ہنگامی اور غیر متوقع اخراجات کی مد میں ضلعی انتظامیہ لاہور کو 19 کروڑ 98 لاکھ روپے فراہم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے بسنت کے انتظامات کے لیے 9 کروڑ 89 لاکھ روپے مانگے ہیں، جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے سیکیورٹی امور کے لیے 2 کروڑ 86 لاکھ روپے طلب کیے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق والڈ سٹی لاہور کے لیے ایک کروڑ 85 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے صفائی کے انتظامات کے لیے 55 لاکھ روپے، سول ڈیفنس نے 33 لاکھ 60 ہزار روپے، جبکہ ریسکیو 1122 نے 6 لاکھ روپے طلب کیے ہیں۔

مجوزہ فنڈز کنٹرول رومز کے قیام، چیکنگ پوائنٹس، فیلڈ کیمپس اور عمارتوں کی چھتوں کی نگرانی سمیت ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، ریسکیو آپریشنز، طبی امداد، صفائی ستھرائی اور عوامی آگاہی مہم پر خرچ کیے جائیں گے۔

انتظامات کے تحت ممنوعہ پتنگوں اور ڈور کی تیاری، فروخت اور استعمال کے خلاف کارروائیاں بھی کی جائیں گی۔ دستاویزات میں واضح کیا گیا ہے کہ مختص رقم مجموعی مالی حد ہوگی اور غیر استعمال شدہ فنڈز سرکاری خزانے میں واپس کرنا ہوں گے۔

واضح رہے کہ لاہور میں بسنت کا تین روزہ تہوار آئندہ سال 12، 13 اور 14 مارچ 2027ء کو منعقد کرنے کا منصوبہ ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US