لیسکو کا مختلف علاقوں میں 5 سے 7 گھنٹے بجلی بند رکھنے کا فیصلہ

image

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے ترقیاتی اور تعمیراتی کاموں کے پیش نظر مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی 5 سے 7 گھنٹے تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق 26 اکتوبر سے لیسکو کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کا سلسلہ شروع کیا جائے گا، جبکہ بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک معطل رہے گی۔ یہ سلسلہ رمضان المبارک سے قبل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

ترقیاتی سرگرمیوں کے دوران مختلف گرڈ اسٹیشنز اور 11 کے وی فیڈرز بند رکھے جائیں گے۔ شٹ ڈاؤن کے دوران بجلی کی لائنوں سے ٹکرانے والے درختوں کی شاخوں کی کٹائی کے ساتھ بجلی کے نظام کی اپ گریڈیشن کا کام بھی مکمل کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق لیسکو کے تمام سرکلز نے ضروری سامان کے حصول کے لیے شعبہ میٹریل مینجمنٹ کو اپنی طلب بھجوا رکھی ہے، تاہم مطلوبہ ضروریات کے مطابق تمام دفاتر کو تاحال سامان فراہم نہیں کیا جاسکا۔

شہریوں کو تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں کے دوران مختلف علاقوں میں عارضی طور پر بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US