وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے 5 لاکھ طالب علموں کو کروم بکس (Chromebooks) اور انٹرنیٹ سہولت فراہم کرنے کے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران وزیراعظم نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طالب علموں میں کروم بکس تقسیم کیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ طلبا اور نوجوان پاکستان کا حقیقی اثاثہ و سرمایہ ہیں، اور انہیں جدید تعلیم سے روشناس کراتے ہوئے بااختیار بنانا سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اگلے 2 سال کے دوران ملک بھر کے طالب علموں میں 5 لاکھ کروم بکس تقسیم کی جائیں گی، اور یہ تقسیم مکمل طور پر صرف قابلیت کی بنیاد پر کی جا رہی ہے تاکہ طلبا دنیا کے کسی بھی کونے میں رہتے ہوئے ریموٹلی علم حاصل کر سکیں اور مقابلے میں پیچھے نہ رہیں۔ اس موقع پر انہوں نے یہ بھی یاد دہانی کرائی کہ ماضی میں مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں میرٹ پر 6 لاکھ لیپ ٹاپس تقسیم کیے تھے۔
وزیراعظم نے دانش اسکولز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے تحت تمام سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں اور اس کا دائرہ کار اب پنجاب سے نکل کر پورے پاکستان میں پھیل رہا ہے۔