ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 6 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج ہلاک، 2 جوان شہید

image

سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کو ہلاک کر دیا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن 24 اکتوبر کو خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ شہید ہونے والوں میں نائیک غلام مرتضیٰ (عمر 36 سال، ضلع گجرات) اور سپاہی تاثیر احمد (عمر 30 سال، ضلع تلہ گنگ) شامل ہیں، جنہوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US