کابینہ ڈویژن نے جولائی سے ستمبر تک توشہ خانہ میں جمع کرائے گئے تحائف کا ریکارڈ جاری کر دیا، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کو ملنے والے تحائف کی تفصیلات شامل ہیں۔
جاری کردہ ریکارڈ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو ایک کلو سونا، قالین، روضۂ رسول ﷺ کا ماڈل، ٹائی، کف لنکس اور میز پر رکھنے والی گھڑی تحفے میں ملی، جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری کو موسیقی کا ایک ساز، تیر اندازی کا سیٹ، قالین اور آرائشی اشیا موصول ہوئیں۔
ریکارڈ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو پینٹنگز، عطر، کف لنکس اور ایک کپ تحفے میں ملا، جبکہ وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کو عطر اور کافی کا ایک بیگ دیا گیا۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کو گلوب، چاندی کے برتن اور شطرنج کا سیٹ ملا، جبکہ وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ کو دستکاری کی اشیا اور جاپانی ادارے سے متعلق ایک آرائشی ڈبہ تحفے میں دیا گیا۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو ایک ٹیبلٹ موصول ہوا، جبکہ کویت میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال کو رولیکس ڈیٹ جسٹ گھڑی تحفے میں ملی۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق مذکورہ تمام تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیے گئے ہیں۔