پی ٹی آئی طالبان اور افغانستان کی حمایت کرنا چاہتی تھی، پرویز خٹک

image

سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) طالبان اور افغانستان کی تابعداری اور حمایت کرنا چاہتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی میں کوئی سوچنے سمجھنے والا ہوتا تو حالات اس نہج تک نہ پہنچتے۔

نوشہرہ میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پرویز خٹک سے ملاقات کی، جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی۔ اس موقع پر صوبے کے مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور وفاق کے ساتھ تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پرویز خٹک نے سیاست میں طویل عرصہ گزارا ہے اور اپنے دورِ حکومت میں اپوزیشن کے ساتھ مل کر صوبے کی ترقی کے لیے کام کرتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف سیاسی قائدین سے ملاقاتوں کا مقصد باہمی مشاورت کے ذریعے صوبے کو آگے لے جانا اور وفاق کے ساتھ مسائل کے حل کی راہیں تلاش کرنا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ پشاور میں ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورے کے دوران مختلف مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے اقدامات بھی کیے۔

دوسری جانب پرویز خٹک نے کہا کہ فیصل کریم کنڈی کے ساتھ ان کے دیرینہ تعلقات ہیں اور ملاقات میں صوبے کے مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے دورِ حکومت میں شروع کیے گئے ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

پرویز خٹک نے واضح کیا کہ وہ فی الحال آزاد ہیں اور کسی دوسری سیاسی جماعت میں شمولیت کا ارادہ نہیں رکھتے۔ گورنر راج کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک مشکل فیصلہ تھا اور سیاسی طور پر ایسے اقدامات اچھے نہیں ہوتے، تاہم ان کے بقول حالات ایسے پیدا ہوگئے تھے کہ یہ فیصلہ مجبوری میں کرنا پڑا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US