نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے بیرونِ ملک بھیک مانگنے میں ملوث افراد اور ان کے نیٹ ورکس کی نشاندہی کے لیے ڈیٹا طلب کرلیا۔ اس حوالے سے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل امیگریشن ونگ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔
مراسلے میں ایف آئی اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ بیرونِ ملک بھیک مانگنے والے افراد اور بھکاری نیٹ ورکس میں ملوث ملزمان کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ مطلوبہ معلومات میں ملزمان کے ذاتی کوائف، پاسپورٹ نمبر، واچ لسٹ کی حیثیت، ڈی پورٹ کیے جانے کی تاریخ اور متعلقہ انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کا نام شامل ہے۔
مراسلے کے مطابق جمع کیے جانے والے ڈیٹا کو مرکزی سطح پر مرتب کیا جائے گا، جس کی مدد سے بیرونِ ملک بھیک مانگنے کے عادی افراد اور ان سے منسلک نیٹ ورکس کی نشاندہی میں مدد ملے گی۔ اس اقدام کا مقصد متعلقہ افراد کی معلومات یکجا کرکے ان کے خلاف کارروائی کے عمل کو مؤثر بنانا ہے۔