بلاول بھٹو کی پی ٹی آئی کو قائمہ کمیٹیوں میں واپسی کی دعوت

image

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان تحریک انصاف کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں میں واپس آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کو پارلیمان میں اپنے کردار اور دستیاب طاقت کو مؤثر انداز میں استعمال کرنا چاہیے۔

قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی فنانس کمیٹی میں اپنا کردار ادا نہیں کرے گی تو اس سے پارلیمان کمزور ہوگی۔ اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ انتخابی اصلاحات کے عمل میں شریک ہو اور دھاندلی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے مؤثر فیصلے کیے جائیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پارلیمان کو غیر فعال رکھنے کی کوشش کرنے والوں کے مقاصد پورے ہو چکے ہیں اب تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ایوان کو مضبوط بنانے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ مضبوط ہوگی تو تمام سیاسی جماعتیں بھی مضبوط ہوں گی۔ ان کے مطابق جمہوری اداروں کو مؤثر بنانے کے لیے سیاسی جماعتوں کی شرکت اور پارلیمانی عمل میں فعال کردار ناگزیر ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے اپوزیشن پر زور دیا کہ وہ قائمہ کمیٹیوں میں واپس آکر قانون سازی، مالیاتی معاملات اور انتخابی اصلاحات سمیت اہم قومی امور پر اپنا مؤقف پیش کرے تاکہ پارلیمان کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US