فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی درخواست پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ٹیکس دہندگان کو سرکاری ڈیوٹیز اور ٹیکسوں کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
اس سلسلے میں تمام کمرشل بینکوں کی وہ تمام شاخیں جو ہفتے کو کھلی رہتی ہیں، 31 اکتوبر 2026ء بروز ہفتہ کو اپنے توسیع شدہ اوقاتِ کار کے تحت رات 8:00 بجے تک کھلی رہیں گی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 31 اکتوبر کو اپنی متعلقہ شاخیں اس وقت تک کھلی رکھیں جب تک نیشنل الیکٹرانک فنڈز ٹرانسفر (نفٹ) کی جانب سے سرکاری ٹرانزیکشنز کے لیے خصوصی کلیئرنگ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہو۔
مزید برآں، تمام بینکوں کو اس بات کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری ڈیوٹیز اور ٹیکسوں کی آن لائن وصولی کو بلا تعطل برقرار رکھا جائے۔
اس کے لیے انٹرنیٹ بینکنگ، موبائل بینکنگ ایپلی کیشنز، اے ٹی ایم اور دیگر تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز 24 گھنٹے فعال اور دستیاب رہیں گے تاکہ ٹیکس دہندگان کو کاؤنٹر اور ڈیجیٹل دونوں ذرائع سے ادائیگی میں مکمل سہولت میسر آسکے۔