پاکستان اور سعودی عرب کا آئل اسٹوریج، ریفائنری اپ گریڈیشن اور توانائی تحفظ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

image

پاکستان اور سعودی عرب نے آئل اسٹوریج، ریفائنری اپ گریڈیشن، خام تیل اور ایل پی جی کی فراہمی سمیت توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون اور سرمایہ کاری مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ سعودی سفیر نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا درخواستوں کی اسی روز پراسیسنگ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پٹرولیم، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مختلف امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر پٹرولیم نے بتایا کہ پاکستان نے ٹیکس نیوٹرل بانڈڈ اسٹوریج پالیسی کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت سعودی کمپنیوں کو تجارتی بنیادوں پر پاکستان میں تیل کے ذخائر قائم کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تیل ذخیرہ کرنے کی سہولیات سعودی عرب کو آبنائے ہرمز اور آبنائے باب المندب سے منسلک بحری ترسیل کے خطرات میں تنوع لانے اور ایشیائی منڈیوں تک رسائی میں مدد فراہم کرسکتی ہیں۔

علی پرویز ملک نے بتایا کہ بلوچستان کے علاقے حب میں بڑے پیٹرولیم اسٹوریج اور ریفائننگ کمپلیکس کے قیام کا منصوبہ زیر غور ہے، جس سے پاکستان کی خطے میں توانائی راہداری بننے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ مجوزہ کمپلیکس میں ویری لارج کروڈ کیریئرز (VLCCs) کے لنگرانداز ہونے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے ینبع بندرگاہ پر پاکستان کے لیے خام تیل کی ترسیل کو ترجیح دینے پر سعودی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیے سعودی آرامکو سے اضافی خام تیل اور مخصوص ایل پی جی سپلائی کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔ سردیوں میں گیس کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر سعودی عرب سے اضافی ایل پی جی کی فراہمی میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان کے ریفائنری اپ گریڈیشن پروگرام میں سعودی سرمایہ کاری اور شراکت داری کے مواقع پر بھی گفتگو ہوئی۔ وفاقی وزیر کے مطابق اس پروگرام کا مقصد ملکی ریفائننگ انفراسٹرکچر کو جدید بنانا، پیداواری کارکردگی بہتر کرنا اور یورو فائیو معیار کا ایندھن متعارف کرانا ہے۔

اس موقع پر سعودی سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا درخواستوں کی اسی روز پراسیسنگ متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سہولت سے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری، ثقافتی اور عوامی روابط کو فروغ ملے گا۔

سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی اور توانائی تعاون کا فریم ورک خطے میں امن، استحکام اور معاشی ترقی کے فروغ کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر مشکل اور ہر صورتحال میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے اور دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات قابل قدر ہیں۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر پٹرولیم نے سعودی نائب وزیر برائے معدنیات خالد المدیفر کو پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ یہ فورم 12 اور 13 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے توانائی، پٹرولیم اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری، باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US