نیشنل گرڈ کمپنی کے ترسیلی نظام میں موجود رکاوٹوں کے باعث ملک میں سستی بجلی کی مکمل ترسیل اور استعمال ممکن نہ ہونے سے بجلی صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ اور جنوبی پاکستان میں پیدا ہونے والی نسبتاً سستی بجلی ملک کے بڑے مراکز تک منتقل نہ ہونے کے باعث بجلی کی طلب پوری کرنے کے لیے مہنگی آر ایل این جی اور درآمدی کوئلے سے بجلی پیدا کرنے پر انحصار بڑھ گیا ہے۔ ترسیلی نظام کی محدود صلاحیت کے باعث تھر کے کوئلے، جوہری توانائی اور ہوا سے پیدا ہونے والی کم لاگت بجلی بھی اپنی مکمل استعداد کے مطابق استعمال نہیں ہو پا رہی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سستی بجلی کی پیداوار دستیاب ہونے کے باوجود اسے صارفین تک مؤثر انداز میں منتقل نہ کیا جا سکنا بجلی کے مجموعی نرخوں پر دباؤ بڑھا رہا ہے، جس کے نتیجے میں شہریوں کو مہنگی بجلی خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ ترسیلی نظام کی بہتری اور بجلی کی کم لاگت ذرائع سے پیداوار کو بڑے مراکز تک پہنچانے کی صلاحیت بڑھانا بجلی کے نرخوں میں کمی کے لیے ناگزیر قرار دیا جا رہا ہے۔