بشیر زیب اور اختر مینگل کے درمیان مالی معاملات کا تنازع؟ بی ایل اے میں اختلافات کی نئی کہانی

image

بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی قیادت میں مبینہ اختلافات کے حوالے سے نئے دعوے سامنے آئے ہیں، جن میں بشیر زیب اور سردار اختر مینگل کے درمیان مالی روابط پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ ان دعوؤں کے مطابق تنظیم کے اندر فنڈز کی تقسیم اور استعمال پر اختلافات پیدا ہوئے، جن کی ایک بڑی وجہ بعض رقوم کی مبینہ طور پر بیرونِ ملک اکاؤنٹس میں منتقلی بتائی جا رہی ہے۔

الزامات میں کہا گیا ہے کہ بشیر زیب کے حامی گروپ نے سردار اختر مینگل کو مالی فائدے پہنچانے کے بدلے اپنے مؤقف کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی۔ یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ بلوچ خواتین کے خودکش حملوں میں استعمال کے معاملے پر خاموشی اختیار کرنے کے لیے مبینہ طور پر مالی مراعات دی گئیں۔

اس تنازع کا ایک اور پہلو کاروباری مفادات سے متعلق ہے۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ اختر مینگل کے ماربل سمیت دیگر کاروباروں کو تحفظ فراہم کیا گیا اور ان کی مال بردار گاڑیوں کو ان راستوں پر نقل و حرکت کی سہولت حاصل رہی جہاں دوسرے ٹرانسپورٹرز کی گاڑیوں کو حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔

سامنے آنے والے الزامات کے مطابق بشیر زیب کی قیادت کے مخالف گروپ کو ان مبینہ مالی اور کاروباری معاملات پر شدید اعتراض تھا۔ اس گروپ نے تنظیم کے وسائل کے استعمال اور بعض شخصیات کو فائدہ پہنچانے کے حوالے سے سوالات اٹھائے۔ مزید یہ الزام بھی سامنے آیا ہے کہ بھارت سے مبینہ طور پر حاصل ہونے والی رقوم کا کچھ حصہ بیرونِ ملک اکاؤنٹس میں منتقل کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US