دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی امریکی وسط مدتی انتخابات میں بھاری مالی سرمایہ کاری ریپبلکن امیدواروں کے لیے خاطر خواہ نتائج حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
مسک نے انتخابی مہمات اور سیاسی کمیٹیوں کو مجموعی طور پر 44 کروڑ 60 لاکھ ڈالر فراہم کیے، جن کا بڑا حصہ ریپبلکن امیدواروں اور انتخابی گروپس کی حمایت پر خرچ کیا گیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق ایلون مسک نے اپنی سیاسی کمیٹی سمیت سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان کے ریپبلکن انتخابی گروپس کو بھی خطیر رقوم فراہم کیں۔ انہوں نے انتخابی سرمایہ کاری کے لیے ٹیکساس کو خصوصی اہمیت دی، جہاں ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مرکزی دفاتر قائم ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مسک نے صرف ستمبر کے دوران ریپبلکن سینیٹ کمیٹی کو 15 کروڑ 80 لاکھ ڈالر دیے۔ یہ رقم ٹیکساس کے ریپبلکن امیدوار کین پیکسٹن کی حمایت کرنے والی کمیٹی کو فراہم کی گئی، جبکہ ان کی سیاسی کمیٹی نے ڈیموکریٹک امیدوار کے خلاف انتخابی سرگرمیوں پر 4 کروڑ 70 لاکھ ڈالر خرچ کیے۔
ایلون مسک نے ٹیکساس میں انتخابی مہمات کے لیے مجموعی طور پر 22 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی، تاہم کروڑوں ڈالر کے اخراجات بھی ریپبلکنز کے لیے مطلوبہ انتخابی کامیابی یقینی نہ بنا سکے۔