وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر شزرہ منصب نے ملاقات کی، جس میں ماحول دوست توانائی کے فروغ اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان کے انرجی مکس میں صاف توانائی کا تناسب 52 فیصد تک پہنچ چکا ہے، جبکہ 2036ء تک کلین انرجی کا حصہ 90 فیصد تک بڑھانے کا پرعزم ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سولرائزیشن عوامی انقلاب کی صورت اختیار کرچکی ہے، گھریلو، زرعی اور تجارتی صارفین تیزی سے شمسی توانائی اپنا رہے ہیں۔ درآمدی کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس کو مقامی کوئلے پر منتقل کرنے کے منصوبے پر بھی تیزی سے پیش رفت جاری ہے، جس سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔
وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر شزرہ منصب نے پاور ڈویژن کے گرین انرجی اقدامات کو سراہتے ہوئے موسمیاتی اہداف کے حصول اور سستی توانائی کے فروغ کے لیے دونوں وزارتوں کے درمیان قریبی رابطوں پر اتفاق کیا۔