صدر مملکت آصف علی زرداری، خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں دیوالی منانے والے افراد، بالخصوص ہندو برادری کو مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی ہندو برادری قومی زندگی کا اہم اور لازمی حصہ ہے، جبکہ مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندو برادری نے تعلیم، صحت، کاروبار، عوامی خدمت اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔ پاکستان پر اس کے تمام شہریوں کا یکساں حق ہے اور ہر شہری کو برابر حقوق اور مواقع حاصل ہونے چاہئیں۔
خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے بھی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی بیٹی ہونے کے ناطے دیوالی کا تہوار ان کے دل میں خصوصی مقام رکھتا ہے۔ سندھ کی محبت، مہمان نوازی اور مختلف مذاہب کے احترام کی روایت ہمارے مشترکہ ورثے کا حصہ ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ دیوالی کا ہر روشن دیا امن، امید، محبت اور روشنی کا پیغام دیتا ہے۔ ہندو برادری پاکستان کا اٹوٹ حصہ ہے اور ملکی تعمیر و ترقی میں اس کا کردار انتہائی اہم اور قابلِ قدر ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام برادریوں کی خوشیاں اور غم سانجھے ہیں۔ آئینِ پاکستان کے تحت تمام غیر مسلم شہری مساوی حقوق اور مواقع کے حقدار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے متفقہ آئین کے ذریعے تمام شہریوں کے مساوی حقوق کی ضمانت دی، جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اقلیتوں کو قومی فیصلہ سازی میں مؤثر کردار دلانے کے لیے جدوجہد کی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، ان کی فلاح و بہبود اور معاشرے میں برابری کے فروغ کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔