فضائی آلودگی نے لاہور کو ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر پہنچا دیا، شہر میں مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 292 ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے بارش ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔
فضائی آلودگی کے اعداد و شمار کے مطابق اقبال ٹاؤن میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی شرح 354 ریکارڈ کی گئی، جبکہ چمن پارک اور گلبرگ ٹو میں 314، پیراگون سٹی میں 306، ماڈل ٹاؤن میں 280 اور برکی روڈ پر 264 رہی۔
اسی طرح بیدیاں روڈ پر فضائی آلودگی کی شرح 259 جبکہ ڈی ایچ اے فیز فائیو میں 251 ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین نے شہریوں کو فضائی آلودگی کے مضر اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے اور باہر جاتے وقت ماسک استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب شہر میں موسم کی صورتحال کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 اور کم سے کم 16 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے اور ہوائیں 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے شہر میں بارش کا امکان بھی ظاہر کیا ہے، جس سے موسم میں تبدیلی اور فضائی آلودگی کی شدت میں کمی آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔