چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کا ایک ایک دن جیل میں ہم گناہ سمجھتے ہیں اور دنیا میں کہیں بھی 75 سال کی بہنوں کو قید نہیں رکھا جاتا۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بانی کی بہنوں کو ناحق اور بالکل غلط قید میں رکھا گیا ہے، ان کی فوری رہائی ہونی چاہیے، اور امید ہے کہ ان کی جلد رہائی ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی کشیدگی میں عدالتوں کا کردار بہت اہم ہوتا ہے، ہمارا لانگ مارچ ختم ہو چکا ہے اور کے پی میں ہماری حکومت بھی نہیں رہی۔ ہم سب عدالتوں کی جانب دیکھ رہے ہیں اور دو سال سے انصاف کے منتظر ہیں، اس لیے عدالتوں کے احکامات پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سلمان صفدر بانی سے ملاقات کے بعد جو خبر لائے وہ حوصلہ افزا نہیں تھی، بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے تشویش ہے اور سپریم کورٹ کے 18 اگست کے آرڈر پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔
سیاسی رابطوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہماری خواہش تھی کہ اتحاد بنے، ان سے ملاقاتیں آل پارٹی کانفرنس کے حوالے سے ہوئی ہیں اور وہ جوائنٹ اپوزیشن میں ہمارے ساتھ ہیں۔ تاہم مولانا کے ساتھ تحریک چلانا ابھی قبل از وقت ہے، آگے بڑھیں گے تو صورتحال واضح ہو گی۔ ان کی اور ہماری سیاست الگ ہے لیکن مشترکہ مسائل پر اکٹھے ہو سکتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت اور وزیر داخلہ سے رابطے ہوتے رہتے ہیں جو کہ ہماری مجبوری ہے کیونکہ ہمارے لیے تمام راستے بند ہیں۔ گورنر راج اور ایمرجنسی جمہوری حکومت کا متبادل نہیں ہو سکتے۔ ہماری حکومت میں اگر کوئی کمی کوتاہی تھی تو اس کا حل گورنر راج نہیں تھا، ابھی بھی وقت ہے کہ اسے ختم کیا جائے۔ اس وقت ہر طرف اور بیک ڈور پر خاموشی ہے، مذاکرات نہیں ہو رہے اور حکومت بھی بعض معاملات میں بے بس نظر آتی ہے، لیکن اگر سیاسی کشیدگی کم کرنی ہے تو بات چیت ضروری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کر رہے بلکہ اس میں بھرپور حصہ لیں گے۔ اسلام آباد کے 3 حلقوں کے لیے اپنے لوگوں کو کاغذات کی تیاری کی ہدایت کر دی ہے۔ سہیل آفریدی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان سے متعلق ہمیں کوئی معلومات نہیں، کہا جا رہا ہے کہ وہ پشاور میں ہیں، پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دی گئی تھی جسے آئینی عدالت نے روک دیا۔