لاہور، اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی، پہاڑوں پر برفباری کا امکان

image

محکمہ موسمیات نے لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے مغربی اور شمالی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے، جبکہ بارش برسانے والا مغربی سسٹم 12 نومبر کو مزید شدت اختیار کرے گا اور 14 نومبر کی صبح تک بالائی علاقوں پر اثرانداز رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور خطہ پوٹھوہار میں 12 اور 13 نومبر کو بارش اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

میانوالی، خوشاب، بھکر، سرگودھا اور ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر اور ملتان میں 12 نومبر کو بارش ہوسکتی ہے۔ پنجاب کے بعض علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 14 نومبر تک وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ اور بنوں میں بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں بھی 14 نومبر تک بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ مظفرآباد، وادی نیلم، راولاکوٹ، باغ، پونچھ، میرپور، گلگت، اسکردو، ہنزہ، غذر، استور اور دیامر میں بارش جبکہ بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، کوئٹہ، زیارت اور قلات میں آج اور کل بارش ہوسکتی ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے اس سلسلے کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے، جبکہ بلند پہاڑی علاقوں اور گلیشیئرز پر ہلکی برفباری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے کسانوں کو موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US