ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا جبکہ بارش کے بعد فضائی آلودگی اور اسموگ کی شدت میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار اور فضا صاف ہوگئی۔ صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں رات گئے کہیں ہلکی بوندا باندی جبکہ بعض مقامات پر بارش ہوئی جس کے نتیجے میں اسموگ کی شدت میں واضح کمی آگئی اور فضائی آلودگی سے متاثرہ شہروں کی فہرست میں لاہور کی درجہ بندی بھی بہتر ہوگئی۔
سرگودھا، نارووال، شکرگڑھ اور اٹک سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں بھی بارش سے فضا صاف ہوگئی۔ فضائی آلودگی میں کمی کے بعد شہریوں نے سکھ کا سانس لیا، جبکہ بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی سے سردی کی شدت بڑھنے لگی۔
دوسری جانب اپر دیر کے مختلف علاقوں میں مسلسل دوسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے سردی میں مزید اضافہ ہوگیا۔ سیاحتی مقام ناران میں برفباری کا سلسلہ جاری رہنے سے موسم نے سرد رُخ اختیار کرلیا، جبکہ بالائی علاقوں میں چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں نے سردی کی شدت مزید بڑھا دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ آج شام تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث موسم مزید سرد ہونے کی توقع ہے۔