جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی آمدن، تنخواہ اور اثاثوں سے متعلق مالی گوشواروں میں مبینہ تضادات کے حوالے سے نئے سوالات سامنے آگئے ہیں۔ سال 2021 سے 2023 کے دوران ان کی آمدن اور اخراجات، جبکہ 2024 میں تنخواہ میں غیر معمولی اضافے پر بھی وضاحت طلب کی جا رہی ہے۔
سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی سالانہ تنخواہ 2024 میں 7 لاکھ 58 ہزار 65 روپے سے بڑھ کر 91 لاکھ 80 ہزار روپے ہوگئی، جس کے بعد ایک سال کے دوران تنخواہ میں تقریباً 83 لاکھ روپے اضافے کا معاملہ توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ اس حوالے سے سوال اٹھایا گیا ہے کہ انہیں یہ تنخواہ کس ادارے کی جانب سے ادا کی جاتی ہے اور متعلقہ ادارے میں ان کی پیشہ ورانہ حیثیت اور ذمہ داریاں کیا ہیں؟
مالی گوشواروں سے متعلق دعوؤں میں کہا گیا ہے کہ 2021 سے 2023 کے دوران مولانا فضل الرحمان کے بینک اکاؤنٹ میں موجود رقم 8 ہزار 456 روپے سے بڑھ کر ایک کروڑ 16 لاکھ 56 ہزار 115 روپے تک پہنچ گئی۔ اس اضافے کے ذرائع، بینک اسٹیٹمنٹ اور آمدن کے شواہد سے متعلق بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
اسی طرح ان کے فارم بی اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں مبینہ فرق کی نشاندہی کرتے ہوئے پوچھا گیا ہے کہ قابل ٹیکس آمدن ظاہر نہ ہونے کی صورت میں اخراجات اور اکاؤنٹ میں موجود رقوم کے ذرائع کیا تھے؟
دوسری جانب اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس میں واقع ایک قیمتی مکان کی ملکیت اور رہائش سے متعلق بھی سوالات سامنے آئے ہیں۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نہ اس مکان کے مالک ہیں اور نہ ہی کرایہ دار کے طور پر ان کا نام سامنے آیا ہے۔ اس تناظر میں مکان کے مالک امان اللہ سے تعلق، کرایہ نامے، کرائے کی ادائیگی اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں مکان کا اندراج نہ ہونے سے متعلق وضاحت طلب کی جا رہی ہے۔
تاہم ان مالی معاملات، تنخواہ کے ذرائع، اثاثوں اور رہائش سے متعلق اٹھائے گئے سوالات پر مولانا فضل الرحمان یا ان کے متعلقہ ترجمان کا مؤقف سامنے آنا باقی ہے۔ ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق اور متعلقہ دستاویزات کا جائزہ لیے بغیر انہیں حتمی حقائق قرار نہیں دیا جا سکتا۔