جسم کا وہ اہم حصہ جس میں اکثر چوٹ لگتی ہے مگر لوگ اس کی ورزش نہیں کرتے

ٹخنے ہمارے جسم کا وزن سنبھالنے، توازن برقرار رکھنے، چلنے اور دوڑنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، لیکن اکثر لوگ ان کی اہمیت کا احساس تب کرتے ہیں جب ان میں چوٹ لگ جائے۔
ایک خاتون جم میں بیٹھی ہیں
Getty Images

ٹخنے ہمارے جسم کا وزن سنبھالنے، توازن برقرار رکھنے، چلنے اور دوڑنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، لیکن اکثر لوگ ان کی اہمیت کا احساس تب کرتے ہیں جب ان میں چوٹ لگ جائے۔

فزیوتھراپسٹ جنیویو تاویاہ، جنھوں نے سٹرکٹلی کم ڈانسنگ جیسے پروگراموں کے ساتھ کام کیا ہے، کہتی ہیں کہ ایسے تکلیف دہ واقعات بہت عام ہیں۔

برطانوی ادارے نیشنل انسٹیٹیوٹ فار ہیلتھ اینڈ کیئر ایکسیلینس کے مطابق ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی کے تقریباً پانچ فیصد دوروں کی وجہ ٹخنوں کی چوٹیں بنتی ہیں۔

تاویاہ کے مطابق اگر لوگ یہ سمجھ جائیں کہ پاؤں اور ٹخنے کیسے کام کرتے ہیں، تو ٹخنوں کی بہت سی چوٹوں سے بچا جا سکتا ہے۔

ٹخنوں کو مضبوط بنانے کے تین طریقے یہ ہیں:

1۔ دماغ اور جسم کے تعلق کو مضبوط بنائیں

ٹخنے کے لیے ورزش
Corbis via Getty Images

تاویاہ کے مطابق ٹخنے مضبوط بنانے اور چوٹ کے خطرے کو کم کرنے کی بنیاد ’دماغ سے جسم تک آگہی‘ ہے، یعنی آپ یہ محسوس کر سکیں کہ آپ کے ٹخنے کیا حرکت کر رہے ہیں، بغیر ان کی طرف دیکھے۔

وہ کہتی ہیں: ’اس کا مقصد دماغ سے پاؤں اور ٹخنے تک معلومات پہنچانا ہے تاکہ ہم خود کو بہتر انداز میں زمین کے ساتھ مربوط کر سکیں اور بعد میں آنے والی ہر جسمانی مشق کے لیے مضبوط بنیاد بنا سکیں۔‘

دماغ اور جسم کی آگہی بڑھانے کے لیے تاویاہ ایسی مشقوں کی مثالیں دیتی ہیں جن میں آپ اپنے پاؤں کو دیکھتے ہوئے ورزش کرتے ہیں۔

ان کے مطابق آغاز انگلیوں کی چھوٹی حرکات سے کرنا چاہیے کیونکہ اس سے اس بات پر اثر پڑتا ہے کہ ہم ٹخنوں پر وزن کیسے ڈالتے ہیں۔

دو مثالیں یہ ہیں:

اپنے بڑے انگوٹھے کے سرے کو زمین پر دبائیں اور چند لمحے اسی حالت میں رکھیں۔ اس دوران دیکھیں کہ پاؤں کا درمیانی حصہ کیسے تناؤ محسوس کرتا ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ ’آپ کو محسوس ہو گا جیسے پاؤں کے اندر کھنچاؤ پیدا ہو رہا ہے۔‘

اپنے بڑے انگوٹھے کے برابر اور اس کے متوازی زمین پر ایک قلم رکھیں۔ پھر انگوٹھے کو قلم کی طرف حرکت دینے کی کوشش کریں۔

2۔ طاقت، کنٹرول اور توازن پیدا کریں

تائیواہ کے مطابق ٹخنے کا کام ہمیں توازن برقرار رکھنے، وزن برداشت کرنے اور قوت منتقل کرنے میں مدد دینا ہے۔

طاقت بڑھانے والی مشقوں میں شامل ہیں:

  • ہیل ریزز (Heel Raises): کسی مضبوط سہارے کے قریب کھڑے ہوں اور اپنی ایڑیاں زمین سے اٹھا کر پنجوں پر آ جائیں۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ ٹخنے ڈگمگائیں نہیں اور باہر کی طرف نہ جھکیں۔
  • توازن: ایک پاؤں کو دوسرے کے سامنے رکھتے ہوئے ایسے چلیں جیسے کوئی جمناسٹ بیم پر چل رہا ہو، اور پاؤں کے کنٹرول کو برقرار رکھیں۔
  • کنٹرول: ایک یا دونوں ٹانگوں کے سہارے بیٹھنے سے کھڑے ہونے کی حالت میں آنا، یا سیڑھیاں چڑھنا اور اترنا بھی ایسی مشقیں ہیں جو ٹخنے کے توازن اور کنٹرول کو بہتر بناتی ہیں۔
فزیوتھراپسٹ جنیویو تاویاہ
Genevieve Tawiah
فزیوتھراپسٹ جنیویو تاویاہ کا کہنا ہے کہ ٹخنوں کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہے کہ دماغ اور جسم کے درمیان رابطہ بہتر ہو اور آپ کو اندازہ ہو کہ آپ کے پاؤں اور ٹخنے کس طرح حرکت کر رہے ہیں۔

تائیواہ کہتی ہیں: ’اگر آپ سیڑھیاں چڑھتے وقت ہمیشہ ایک ہی ٹانگ سے آغاز کرتے ہیں تو دوسری جانب سے آغاز کرنے کی مشق کریں۔‘

ٹخنے میں موچ سے صحت یاب ہونے والے افراد ایک ٹانگ پر کھڑے ہو کر گیند پھینکنے اور پکڑنے کی مشق کر سکتے ہیں۔ یا ایک طرف قدم بڑھا کر اسی ٹانگ پر اپنا توازن قائم رکھنے کی مشق کریں جس پر آپ نے وزن ڈالا ہے۔

ٹینڈن پٹھوں کو ہڈیوں سے جوڑنے والے مضبوط ریشے ہوتے ہیں۔ ٹینڈینوپیتھی سے مراد ٹینڈن میں دیرینہ یا مسلسل درد اور کمزوری ہے۔ ٹینڈینوپیتھی کے شکار افراد کے لیے آہستہ رفتار سے اور نسبتاً بھاری وزن کے ساتھ ورزش کرنا مفید سمجھا جاتا ہے۔

3۔ مناسب جوتے پہنیں

تائیواہ کے مطابق ٹخنوں کو سہارا دینے کے لیے درست قسم کے جوتوں کا انتخاب بہت اہم ہے۔

وہ کہتی ہیں: ’بہت سے لوگ نوک دار جوتے یا ایسے سپورٹس شوز پہننے کی غلطی کرتے ہیں جو اگلے حصے سے تنگ ہوتے ہیں۔

’ذرا تصور کریں کہ اگر جوتے کا اوپری حصہ موجود نہ ہو تو کیا آپ کی انگلیوں کو مناسب جگہ ملے گی یا بڑا انگوٹھا ایک طرف دب رہا ہو گا؟‘

ان کے مطابق ’بیئرفٹ شوز‘ تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں اور مفید بھی ہو سکتے ہیں، لیکن ان کے استعمال سے پہلے پاؤں اور ٹخنوں میں مناسب طاقت ہونا ضروری ہے اور انھیں بتدریج استعمال کرنا چاہیے۔

بیئرفٹ شوز ایسے سادہ جوتے ہوتے ہیں جو پاؤں کی قدرتی حرکت کو برقرار رکھنے کے لیے بنائے جاتے ہیں۔ ان میں انگلیوں کے لیے نسبتاً زیادہ جگہ، پتلا اور لچکدار تلا، ایڑی اور پنجے کی یکساں سطح ہوتی ہے۔

وہ ایسے جوتے پہننے کا مشورہ بھی دیتی ہیں جو پاؤں کے درمیانی حصے (آرچ) کو کچھ سہارا فراہم کریں، کیونکہ اس سے چلتے یا ورزش کرتے وقت وزن پاؤں پر صحیح طریقے سے تقسیم ہونے میں مدد ملتی ہے۔

ان کے مطابق مختلف سرگرمیوں کے لیے مختلف جوتے درکار ہوتے ہیں۔

’اگر آپ سکواٹ (یعنی بیٹھنے اور پھر کھڑے ہونے جیسی ورزش) کرتے ہیں تو نسبتاً چپٹے تلے والے جوتے زیادہ موزوں ہوتے ہیں۔ اگر جوتے کا تلا بہت نرم ہو تو توازن برقرار رکھنا اور وزن کو درست جگہ منتقل کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

’جبکہ دوڑنے کے لیے ایسا سپورٹس شو زیادہ موزوں ہو سکتا ہے جو جھٹکوں کو جذب کرنے کے لیے زیادہ کشننگ فراہم کرتا ہو۔‘

اگر آپ نا ہموار راستوں پر لمبی پیدل سیر یا ہائیکنگ کرتے ہیں تو ’ہائیکنگ بوٹس ٹخنے میں موچ آنے کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔ تاہم انھیں روزانہ اور طویل وقت تک پہننے سے ٹخنوں میں اکڑاؤ آ سکتا ہے، کیونکہ یہ ٹخنوں کی قدرتی حرکت کو کسی حد تک محدود کر دیتے ہیں۔‘

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US