دنیا بھر میں ہر سال تقریباً چار کروڑ خواتین زچگی کے بعد ایسی پیچیدگیوں سے متاثر ہوتی ہیں جو مہینوں یا برسوں تک برقرار رہتی ہیں۔ ان میں پیشاب یا پاخانے پر قابو نہ رہنا، دائمی درد، یا ایسے داغی بافتے (سکار ٹشو) شامل ہو سکتے ہیں جو آنتوں کے جان لیوا مسائل کا باعث بنیں یا مستقبل میں حاملہ ہونے کی صلاحیت کو متاثر کریں۔
انتباہ: اس مضمون میں ایسی تکلیف دہ طبی کیفیات کا ذکر ہے، جو کچھ قارئین کے لیے پریشان کن ہو سکتی ہیں۔
سال 2024 ہے اور میں ایک بار پھر ہسپتال میں ہوں۔ مجھے تقریباً 36 گھنٹوں سے ایسا شدید درد ہے جسے مورفین بھی کم نہیں کر پا رہی۔ جیسا کہ سرجنز میرا آپریشن کرنے پر دریافت کریں گے، میری آنت کا کچھ حصہ معدے کی جھلی کے ایک شگاف میں گھس گیا تھا۔ اس کی وجہ سے میری آنت میں سوراخ ہو گیا تھا، جس سے میرے پورے پیٹ میں پیپ پھیل گئی اور ایک کا نتیجہ ایک خطرناک انفیکشن کی صورت میں نکلا۔
آپریشن کے انتظار کے دوران میں نے اپنے شوہر کو اپنے بینک اکاؤنٹ کی تمام تفصیلات بھیج دیں، اس ڈر سے کہ شاید میں زندہ نہ بچ سکوں۔ درد کی شدت سے آنکھوں کے آگے اندھیرا چھا رہا ہے۔ مجھے وقفے وقفے سے قے کی کیفیت ہو رہی ہے حالانکہ میں نے دو دن سے کچھ نہیں کھایا ہے۔
یہ سرجری پانچ گھنٹے جاری رہتی ہے۔ میں رات بارہ بجے انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں نیم غشی کے عالم میں ہوش میں آتی ہوں، میری ناف سے لے کر شرمگاہ تک چھ انچ (15 سینٹی میٹر) لمبا زخم (ٹانکوں کا نشان) ہے اور میرے پیٹ میں ایک بڑی ڈرینج ٹیوب لگی ہوئی ہے۔ میں یہاں تک کیسے پہنچی؟ اور اس کا بچے کی پیدائش سے کیا تعلق ہے؟
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، 'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
اگرچہ یہ بات سب جانتے ہیں کہ بچے کی پیدائش کا عمل یا زچگی خطرناک ہو سکتی ہے، لیکن ان جسمانی مسائل پر نسبتاً کم بات ہوتی ہے جو ابتدائی برسوں سے آگے بھی برقرار رہ سکتے ہیں اور خواتین کو کئی دہائیوں بعد تک متاثر کر سکتے ہیں۔ اگرچہ میری اپنی مخصوص حالت ایک نادر مثال ہے، لیکن زچگی سے پیدا ہونے والی وہ پیچیدگیاں جو بعد کی زندگی میں ظاہر ہوتی ہیں، تشویش ناک حد تک عام ہیں۔
اندازہ ہے کہ دنیا بھر میں ہر سال تقریباً چار کروڑ خواتین ایسی پیچیدگیوں سے متاثر ہوتی ہیں جو مہینوں یا برسوں تک برقرار رہتی ہیں۔ ان میں پیشاب یا پاخانے پر قابو نہ رہنا، دائمی درد، یا ایسے داغی بافتے (سکار ٹشو) شامل ہو سکتے ہیں جو آنتوں کے جان لیوا مسائل کا باعث بنیں یا مستقبل میں حاملہ ہونے کی صلاحیت کو متاثر کریں۔
ان میں سے کچھ مسائل، میری طرح، سالوں بعد ظاہر ہوتے ہیں اور غیر معینہ مدت تک برقرار رہ سکتے ہیں۔ بچے کی پیدائش کے بعد ہونے والے دیرپا جسمانی اور ذہنی نقصان کی مکمل تصویر حاصل کرنے کے لیے میں نے کئی خواتین کے ساتھ ساتھ ماہرین سے بھی بات کی۔ میں نے یہ جانا کہ خواتین اکثر یہ محسوس کرتی ہیں کہ ان کی بات نہیں سنی جاتی، یا اس سے بھی بدتر یہ کہ انھیں علاج تک رسائی کا کوئی راستہ نظر نہیں آتا۔
اس کالم کے ذریعے میرا اپنے تجربات کو دوبارہ دہرانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، کیونکہ مجھے خود کو کمزور محسوس کرنا پسند نہیں ہے۔ لیکن پیچیدگیوں کے بارے میں بات کر کے اور بچے کی پیدائش سے جڑے خطرات اور مدد حاصل کرنے کے طریقوں دونوں کے بارے میں شعور اجاگر کر کے، مجھے امید ہے کہ دوسری خواتین اپنے حق میں آواز اٹھانے میں خود کو زیادہ بااختیار محسوس کر سکیں گی۔
زندگی بچانے کے لیے طبی مداخلت، زندگی بھر کے اثرات
یہ ایک پرانی کہانی ہے۔ بچے کی پیدائش ایک خطرناک عمل ہے اور اس سے ماں اور بچے دونوں کے لیے پیچیدگیاں یا اس سے بھی بدتر نتائج پیدا ہو سکتے ہیں۔ خوش قسمتی سے دنیا کے بہت سے حصوں میں ماؤں کی اموات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ سنہ 2000 سے 2023 کے دوران زچگی کے دوران ماؤں کی اموات کا تناسب عالمی سطح پر 40 فیصد تک کم ہو گیا ہے۔
تاہم سنہ 2024 میں بین الاقوامی محققین کی جانب سے بنائی گئی ایک بڑی جائزہ رپورٹ کے مطابق ماؤں کی اموات کو کم کرنے پر توجہ دینے کا مطلب یہ رہا ہے کہ زچگی اور بچے کی پیدائش کے بعد طویل مدتی اثرات پر اکثر بہت کم توجہ دی جاتی ہے۔
آسٹریلیا کے برنیٹ انسٹی ٹیوٹ سے وابستہ پیرینیٹل ایپی ڈیمیولوجسٹ اور اس جائزہ رپوررٹ کے مرکزی مصنف جوشوا ووگل کہتے ہیں کہ یہ بات تشویشناک ہے کہ کتنی ہی خواتین مدد کے کے لیے اپنی آواز نہیں اٹھا پاتیں، خاص طور پر اس لیے کہ یہ واضح نہیں ہوتا کہ کیا چیز نارمل ہے اور کس چیز کا معائنہ کرایا جانا چاہیے۔
وہ کہتے ہیں کہ ’یہ جان کر میرے ہوش اڑ گئے کہ یہ پیچیدگیاں کتنی حیرت انگیز حد تک متنوع ہیں۔‘
اندرونی اعضا کا آپس میں چپک جانا
میرے معاملے میں اس کا آغاز ایک ہنگامی آپریشن سے ہوا۔
میری بیٹی کی پیدائش کے چار دن بعد میں ایک بار پھر ہسپتال میں تھی اور ایک اور ہنگامی سرجری سے گزر رہی تھی۔ میرے ٹانکے مکمل طور پر کھل چکے تھے اور مجھے آنتوں کی ایک سنگین پیچیدگی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یہ ایک خوفناک تجربہ تھا اور اسے طبی زبان میں ایک ’کبھی نہ ہونے والا واقعہ‘ قرار دیا گیا کیونکہ یہ انتہائی نایاب تھا۔
لیکن میں اس بات پر بہت خوش تھی کہ میری ننھی نوزائیدہ بیٹی بالکل ٹھیک تھی، اس لیے میں نے اس واقعے کو پس پشت ڈال دیا اور اس بات پر توجہ مرکوز کی کہ ہم دونوں کتنی خوش قسمت ہیں کہ خیریت سے ہیں۔
سات سال گزر چکے تھے۔ اس دوران میں ایک اور بار حاملہ بھی ہوئی اور مجھے لگا کہ سب کچھ معمول کے مطابق ہے۔ لیکن پھر ایک دوپہر اچانک میرے پیٹ میں درد شروع ہوا، جو رفتہ رفتہ شدت اختیار کرتا گیا۔
اس وقت میں کام کر رہی تھی اور مجھے یاد ہے کہ ایک ویڈیو کال میں بستر پر لیٹے ہوئے، کیمرہ بند کر کے شریک ہوئی تھی۔ مجھے لگتا تھا کہ شاید کچھ دیر میں درد خود ہی ختم ہو جائے گا۔
شام ساڑھے چار بجے تک میری حالت کافی خراب ہو چکی تھی۔
میں نے اپنے شوہر کو پیغام بھیجا کہ ’درد ناقابلِ برداشت ہو رہا ہے، مجھے اپنا پیٹ ہلتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔‘
اس وقت بھی مجھے یہی لگ رہا تھا کہ شاید معدے یا پیٹ کا کوئی شدید انفیکشن ہے۔ تاہم اب پیچھے مڑ کر دیکھتی ہوں تو احساس ہوتا ہے کہ اس وقت میں ٹھیک سے سوچنے سمجھنے کی صلاحیت بھی کھو چکی تھی۔
شاید یہی وجہ تھی کہ میں نے کسی نہ کسی طرح ہمت جمع کی اور بچوں کو سکول سے لینے چلی گئی۔ یہاں تک کہ اپنے بچے کی سائیکل بھی اٹھا کر گاڑی میں رکھ دی۔ لیکن درد مسلسل بڑھتا جا رہا تھا۔
آخرکار میرے شوہر نے اپنی بہن سے رابطہ کیا جو ڈاکٹر ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ممکن ہے یہ سیزیرین آپریشن کے بعد بننے والے داغ کے اندرونی ٹشوز، جنھیں طبی زبان میں ایڈھیژن کہا جاتا ہے، کی وجہ سے ہو۔ یہ ٹشوز آنتوں میں رکاوٹ پیدا کر سکتے ہیں۔
جب مجھے الٹیاں شروع ہوئیں تو انھوں نے فوراً ایمبولینس بلانے کو کہا۔ لیکن کوئی ایمبولینس دستیاب نہیں تھی، چنانچہ میں نے ٹیکسی کے ذریعے ہسپتال جانے کا فیصلہ کیا، حالانکہ اس وقت میرے لیے کھڑا ہونا بھی تقریباً ناممکن ہو چکا تھا۔

ہسپتال پہنچنے پر میری آنتوں میں رکاوٹ پیدا ہونے کی تصدیق ہو گئی۔
پہلے سیزیرین آپریشن اور پھر طبی غفلت کے نتیجے میں ہونے والے دوسرے آپریشن کے باعث میرے پیٹ کے اندر کے ٹشوز میں زخم یا نشان (Scar Tissue) بن گئے تھے جو اب میری آنتوں میں خون کی روانی کو محدود کرنے کا سبب بن رہے تھے۔
بعض اوقات آنتوں کی ایسی رکاوٹ خودبخود بھی دور ہو جاتی ہے اس لیے مجھے یہ دیکھنے کے لیے انتہائی تکلیف دہ 36 گھنٹے انتظار کرنا پڑا کہ آیا آپریشن کی ضرورت پیش آئے گی یا نہیں۔
دوسرے روز میرا بخار اچانک بہت بڑھ گیا اور خون کے ٹیسٹ سے معلوم ہوا کہ جسم میں سوزش کی نشاندہی کرنے والے سی ری ایکٹیو پروٹین (CRP) کی سطح خطرناک حد تک بڑھ کر ایک سے 311 تک پہنچ گئی تھی۔ جبکہ اس کی معمول کی سطح پانچ سے کم ہونی چاہیے۔
چنانچہ جلد از جلد آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تاہم، ایک مصروف ہسپتال میں جلد از جلد کا مطلب مزید پانچ گھنٹے کا تکلیف دہ انتظار تھا۔
آپریشن کے بعد سرجن نے مجھے بتایا کہ سرجری کامیاب رہی، اگرچہ یہ ان کی توقع سے کہیں زیادہ پیچیدہ تھی۔ ڈاکٹروں نے میری آنت کا وہ 60 سینٹی میٹر (تقریباً 23.5 انچ) حصہ نکال دیا تھا جسے خون اور آکسیجن کی فراہمی بند ہو گئی تھی۔
تاہم اس آپریشن نے میری جان بچا لی تھی۔
ایک بار پھر وقت گزرنے کے ساتھ میری طبیعت سنبھل گئی۔ اور میری فطرت میں موجود برداشت کرنے والی سوچ نے یہی کہا کہ ’کم از کم اس سے بھی زیادہ برا نہیں ہوا۔‘
پیٹ کو چیرا لگا کر سرجری
دنیا بھر میں سیزیرین آپریشن کے ذریعے بچوں کی پیدائش کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے اور اب دنیا میں ہونے والی تقریباً 21 فیصد ولادتیں اسی طریقے سے ہوتی ہیں۔
بعض ممالک میں یہ شرح 58 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جیسا کہ ڈومینیکن ریپبلک میں، جبکہ امریکہ میں یہ شرح 32 فیصد سے زیادہ ہے۔
یونیورسٹی آف لنکاشائر کی پروفیسر سو ڈاؤن کا کہنا ہے کہ سیزیرین آپریشن ماں اور بچے کی صحت اور زندگی کے تحفظ کے لیے انتہائی ضروری ہو سکتا ہے، تاہم اس کے نتیجے میں بعض پیچیدگیوں کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
بعض اوقات ان پیچیدگیوں کی علامات فوری طور پر سامنے نہیں آتیں بلکہ طویل عرصے بعد ظاہر ہوتی ہیں۔
امریکہ میں ہونے والی ایک تحقیق میں 43 ہزار 646 ماؤں کی 50 سال تک نگرانی کی گئی۔
تحقیق کے مطابق جن خواتین کے ہاں سیزیرین آپریشن کے ذریعے بچے کی پیدائش ہوئی، ان میں اس عرصے کے دوران موت کا خطرہ نارمل طریقے سے بچے کو جنم دینے والی خواتین کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ تھا۔
تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ ان خواتین میں دل اور خون کی شریانوں کے امراض، ذیابیطس، سانس کی بیماریوں، انفیکشن اور گردوں کے امراض کے باعث موت کا خطرہ بھی زیادہ تھا۔
امریکہ کی یونیورسٹی آف پنسلوانیا سے وابستہ ماہرِ وبائی امراض اور تحقیق کی شریک مصنف سٹیفنی ہنکل کہتی ہیں کہ ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس کی وجوہات کیا ہیں۔
ان کے مطابق سیزیرین آپریشن کروانے والی خواتین میں عمر زیادہ ہونے، جسمانی وزن کی زیادتی، تمباکو نوشی، ذیابیطس یا پہلے سے موجود دیگر بیماریوں کا امکان زیادہ تھا۔ تاہم محققین نے جب ان عوامل کو مدنظر رکھا تب بھی یہ تعلق برقرار رہا۔
ان کے مطابق اس کی ایک ممکنہ وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ سیزیرین آپریشن کسی خاتون کی مجموعی صحت کی خرابی کی نشاندہی کرتا ہو۔
وہ کہتی ہیں کہ ’ایک امکان یہ بھی ہے کہ خود آپریشن کے طویل مدتی اثرات صحت کو متاثر کرتے ہوں۔ مثال کے طور پر انفیکشن، خون کے لوتھڑے بننے یا دل اور خون کی شریانوں سے متعلق پیچیدگیوں کے باعث، یا پھر پیٹ میں داغ دار بافتیں(ٹشوز) بننے اور بعد کے حمل میں پیچیدگیاں پیدا ہونے کی صورت میں یہ ظاہر ہوتے ہوں۔‘
واضح رہے کہ سیزیرین آپریشن کے کئی طویل مدتی خطرات بھی ہو سکتے ہیں۔
ان میں رحم سے باہر حمل ٹھہرنے کا زیادہ امکان بھی شامل ہے، جس میں بارآور ہونے والا انڈہ رحم کے بجائے اس سے باہر نشوونما پانے لگتا ہے۔
اسی طرح سیزیرین آپریشن کے بعد بننے والے داغ رحم میں نال کے غیر معمولی طور پر گہرائی تک پیوست ہونے کے خطرے کو بڑھا سکتے ہیں۔ اس کیفیت کو طبی زبان میں ’پلیسینٹا ایکریٹا‘ کہا جاتا ہے۔
میں نے اور میرے جاننے والی بہت سی خواتین نے بھی سیزیرین آپریشن کے ان خطرات پر زیادہ غور نہیں کیا، کیونکہ اب یہ طریقۂ ولادت اس قدر عام ہو چکا ہے کہ ہم اکثر بھول جاتے ہیں کہ یہ پیٹ کی ایک بڑی سرجری ہے۔
معائنے کا بروقت نہ ہونا
ایک تلخ اتفاق یہ تھا کہ آنتوں میں پہلی رکاوٹ کے بعد جس آپریشن کی مجھے ضرورت پڑی، اس کے نتیجے میں میرے پیٹ کے اندر مزید بافتوں پر زخم کے نشان بن گئے۔
یہی وجہ تھی کہ چار ماہ بعد مجھے دوبارہ اسی مسئلے کا سامنا کرنا پڑا اور ایک بار پھر ہنگامی آپریشن کے لیے آپریشن تھیٹر پہنچنا پڑا۔
خوش قسمتی سے اس مرتبہ نہ تو کوئی انفیکشن ہوا اور نہ ہی آنتوں میں سوراخ پڑا کیونکہ ڈاکٹروں کی ٹیم نے اسی روز آپریشن کر دیا تھا۔
مجھے بتایا گیا کہ یہ مسئلہ دوبارہ بھی ہو سکتا ہے، ممکن ہے کل ہی ہو جائے، کئی دہائیوں بعد سامنے آئے یا پھر کبھی نہ ہو۔اس کی وجہ یہ ہے کہ اب مجھے زندگی بھر آنتوں میں اس قسم کی رکاوٹ پیدا ہونے کا خطرہ رہے گا۔
پیٹ کا کوئی بھی آپریشن کروانے والے فرد کے اندر داغ دار بافتیں بن سکتی ہیں، جیسا کہ میرے معاملے میں ہوا۔
2017 میں سویڈن میں خواتین پر کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق پہلے سیزیرین آپریشن کے مرحلے سے گزرنے والی 37 فیصد خواتین کے پیٹ میں اندرونی چپکاؤ (Adhesions) پایا گیا جبکہ ایسی خواتین میں یہ شرح 10 فیصد تھی جن کا پہلے کبھی سیزیرین آپریشن نہیں ہوا تھا۔
چونکہ زخم کے نشان زدہ ٹشوز جسم کے اندرونی اعضا کو آپس میں جوڑ سکتےاس لیے ان کے نتیجے میں پیٹ میں درد اور آنتوں میں رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے۔
اس کے علاوہ آئندہ حمل کے دوران ماں اور بچے کی اموات کا خطرہ بھی معمولی حد تک بڑھ سکتا ہے۔ ہنگامی سیزیرین آپریشن کی صورت میں یہ خطرہ مزید زیادہ ہوتا ہے۔
اندرونی سطح چپکنے کی خرابی کی وجہ سے بعد میں ہونے والے سیزیرین آپریشن مزید پیچیدہ ہو سکتے ہیں، جس سے مثانے اور آنتوں کو نقصان پہنچنے یا ان میں زخم آنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
پروفیسر سو ڈاؤن کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں سیزیرین آپریشن کی بڑھتی ہوئی شرح کا مطلب ہے کہ اب مزید خواتین کو ان پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
قدرتی انداز میں بچے کی پیدائش اور درپیش خطرات
ڈاکٹرز کے مطابق قدرتی طریقے سے بچے کی پیدائش کے دوران بھی کئی طرح کی پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔
عمر کی 70 کی دہائی میں موجود ہیدر بارنز کو 40 سال سے زائد عرصہ قبل اپنی بیٹی کی پیدائش کے وقت گہرا زخم آیا تھا۔ اس کیفیت میں مقعد کے اس عضلاتی حصے کو نقصان پہنچتا ہے جو گیس اور فضلے کو خارج ہونے سے روکتا ہے۔
اس کے ساتھ مقعد یا بڑی آنت کے آخری حصے کی اندرونی جھلی بھی پھٹ جاتی ہے۔ اسی کے باعث بارنز آج بھی مسلسل درد اور دیگر پیچیدگیوں کے ساتھ زندگی گزار رہی ہیں۔
ان کی بیٹی کی پیدائش کے دوران بچے کو باہر نکالنے کے لیے فورسیپس (Forceps) استعمال کیے گئے تھے۔ بڑے چمٹی نما آلات جراحی سے مدد اس وقت لی گئی جب بچی پیدائشی راستے میں پھنس گئی تھی۔
اس عمل کے نتیجے میں بارنز کو فضلے پر قابو نہ رہنے (Faecal Incontinence)، شرم گاہ کے اردگرد درد اور دیگر نقصاندہ مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
وہ کہتی ہیں کہ ’مجھے ہر روز درد ہوتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ مجھے کسی دن بھی اس تکلیف سے چھٹکارا نہیں ملتا۔‘
بارنز اس مسئلے کا تنہا شکار نہیں ہوئیں۔
بچے کی پیدائش کے بعد کئی دہائیوں تک پیشاب اور فضلے پر قابو نہ رہنے کی شکایات عام ہیں، خصوصاً ان خواتین میں جن کے ہاں نارمل طریقے سے بچوں کی پیدائش ہوئی ہو۔
ایک تحقیق میں ایسی خواتین کا جائزہ لیا گیا جنھیں بچے کی پیدائش کے 20 سے 26 سال گزر چکے تھے۔ تحقیق کے مطابق 61 فیصد خواتین کو پیشاب پر قابو نہ رہنے کا مسئلہ درپیش تھا۔ 22 فیصد خواتین کو فضلے پر قابو نہ رہنے کی شکایت تھی۔ 17 فیصد خواتین میں بچہ دانی سمیت دیگر اندرونی اعضا کے اپنی جگہ سے نیچے سرکنے (Pelvic Organ Prolapse) کی علامات پائی گئیں۔
برطانیہ کی گلاسگو کیلڈونین یونیورسٹی کی پروفیسر اور اس مطالعے کی مرکزی مصنف سوزین ہیگن کہتی ہیں کہ ان اعداد و شمار میں ان مسائل کے خواتین کی زندگیوں پر پڑنے والے تباہ کن اثرات کا ذکر نہیں۔
ان کے مطابق یہ پیچیدگیاں خواتین کے ازدواجی تعلقات اور کام کرنے کی صلاحیت کو بھی بری طرح متاثر کرتی ہیں۔
مثال کے طور پر بارنز اس تجربے سے اس قدر ذہنی صدمے کا شکار ہوئیں کہ انھوں نے دوبارہ بچہ پیدا کرنے کا حوصلہ نہیں کیا اور وہ ملازمت پر بھی واپس نہ جا سکیں۔
وہ کہتی ہیں کہ ’یہ سوچ کر ہر وقت شدید ذہنی دباؤ رہتا ہے کہ کسی بھی لمحے میرے ساتھ ایسا حادثہ پیش آ سکتا ہے۔‘
ان کے مطابق اس زمانے میں پیشاب یا فضلے پر قابو نہ رہنے اور درد جیسے مسائل پر کوئی بات نہیں کرتا تھا۔
وہ کہتی ہیں کہ ’آپ اپنے سب سے قریبی دوست کو بھی یہ بات نہیں بتا سکتے۔‘
طبی اندازوں کے مطابق قدرتی طریقے سے بچے کی پیدائش کے دوران تقریباً 90 فیصد خواتین کو کسی نہ کسی حد تک اندام نہانی کے حصے میں زخم، خراش یا ایپیسیوٹومی (Episiotomy) کے عمل سے گزرنا پڑتا ہے۔ ایپیسیوٹومی میں بچے کے سر کے لیے پیدائشی راستہ کشادہ کرنے کی غرض سے اندام نہانی اور مقعد کے درمیان چیرا لگایا جاتا ہے۔
جن خواتین کے ہاں فورسیپس، وینٹوز یا دیگر آلات کی مدد سے بچے کی پیدائش ہوتی ہے، ان میں زخم آنے کا امکان نمایاں طور پر زیادہ ہوتا ہے۔ وینٹوز ایک ایسا آلہ ہے جسے بچے کے سر سے جوڑ کر اسےکھینچ کر باہر نکالنے میں مدد لی جاتی ہے۔
گہرے زخموں کے نتیجے میں پیشاب یا فضلے پر قابو نہ رہنے، جنسی تعلق کے دوران درد اور بعض صورتوں میں دوبارہ سرجری کی ضرورت پیش آنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
جنوبی ایشیائی پس منظر رکھنے والی خواتین میں بھی نارمل ولادت کے دوران اندام نہانی کے حصے میں زخم آنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
ایک بچے کی ماں کاجل ڈا سلوا کو اس بات کا علم نہیں تھا یہاں تک کہ انھیں بچے کی پیدائش کے دوران شدید زخم آیا۔
اس تکلیف دہ ولادت کو چھ سال گزرنے کے باوجود ڈا سلوا بھلا نہیں سکیں اور وہ کہتی ہیں کہ ان کی پوری زندگی اب بھی اسی زخم اور اس کے اثرات کے گرد گھومتی ہے۔
وہ کہتی ہیں کہ ’میں کہیں جانے یا کوئی منصوبہ بنانے سے پہلے یہ سوچتی ہوں کہ مجھے کیا کھانا چاہیے، اگلے دن کیا کرنا ہے اور سفر کا راستہ کیسے طے کرنا ہے تاکہ راستے میں بیت الخلا جانے میں پریشانی نہ ہو۔‘
ڈا سلوا آج بھی پیڑو کے حصے میں مسلسل درد کا شکار ہیں۔ وہ زیادہ دیر تک نہ بیٹھ سکتی ہیں اور نہ کھڑی رہ سکتی ہیں۔ انھوں نے مزید بچے پیدا کرنے کا ارادہ بھی چھوڑ دیا ہے۔
وہ کہتی ہیں کہ ’میں ذہنی طور پر خود کو کبھی اس بات پر آمادہ نہیں کر سکتی کہ ایک اور بچے کی پیدائش کے بارے میں سوچوں۔‘
شدید درجے کا درد
بچے کی پیدائش قدرتی طریقے سے ہوئی ہو یا سیزیرین آپریشن کے ذریعے، اس کے کئی سال بعد تک درد رہنا ایک عام شکایت ہے۔
اس کی ایک وجہ جنسی اعضا، مقعد اور پیشاب کی نالی کی حرکت اور حس کو کنٹرول کرنے والے پیوڈینڈل اعصاب (Pudendal Nerve) کو پہنچنے والا نقصان ہو سکتا ہے۔ یہ نظام تا ہے۔
یہ بات متعدد تحقیقات میں سامنے آ چکی ہے کہ طبی عملہ خواتین کے درد کی شکایات کو ہمیشہ سنجیدگی سے نہیں لیتا۔
مثال کے طور پر برطانیہ میں 2024 میں زچگی کے دوران خواتین کو پہنچنے والے ٹراما سے متعلق جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں ایک واقعے کا ذکر ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ایک ماہرِ زچگی نے مبینہ طور پر ایک نرس سے کہا کہ ’خواتین کی اندام نہانی میں اعصاب نہیں ہوتے۔ یہ بات انھوں نے اس وقت کہی جب وہ ایک ایسی مریضہ کو ٹانکے لگا رہے تھے جسےدرد کش دوا بھی مناسب انداز میں نہیں دی گئی تھی۔
ہیدر بارنز بتاتی ہیں کہ انھیں پیوڈینڈل اعصاب میں درد کے بارے میں پہلی بار ایک اخبار کے ذریعے معلوم ہوا۔
وہ کہتی ہیں کہ ’کسی نے یقین ہی نہیں کیا تھا کہ مجھے واقعی درد ہوتا ہے۔‘
دماغی صحت
دوسری جانب بچے کی پیدائش کے بعض اثرات صرف جسمانی نہیں بلکہ نفسیاتی بھی ہوتے ہیں، اور ان دونوں کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق بچے کی پیدائش کا ناخوشگوار یا تکلیف دہ تجربہ بعد از زچگی ذہنی صحت کے مسائل پیدا ہونے کا ایک بڑا خطرہ ہے۔ اس کے علاوہ بعض خواتین میں بچے کی پیدائش کا خوف بھی طویل عرصے تک برقرار رہ سکتا ہے۔
دو بچوں کی ماں دِمپل مستری کو چھ سال گزرنے کے باوجود آج بھی بعض واقعات اور یادیں اس تکلیف دہ تجربے کی طرف واپس لے جاتی ہیں جب انھیں پیدائش کے مرحلے کے دوران شدید زخم آیا تھا۔
ان کے ٹانکے کھل گئے تھے اور زخم میں انفیکشن ہو گیا تھا جس کے بعد ڈاکٹروں نے ان کے پیٹ میں فضلہ اور گیس کے اخراج کے لیے مصنوعی راستہ سٹوما (Stoma) بنا دیا۔ص
دِمپل مستری کہتی ہیں کہ ’میرے اندام نہانی کے راستے سے فضلہ خارج ہو رہا تھا اور مجھے احساس ہو گیا تھا کہ کچھ ٹھیک نہیں ہے۔‘
وہ بتاتی ہیں کہ اس تجربے کے بعد جب وہ دوسری مرتبہ حاملہ ہوئیں تو ان کے سب سے بڑے خوف میں سے ایک یہ تھا کہ ہسپتال میں داخل ہونے کے بعد کہیں بچے کی پیدائش کے دوران ان کی موت نہ ہو جائے۔ یہ خوف ان کی ذہنی کیفیت پر بہت گہرے اثرات مرتب کرتا رہا۔
بعد میں ان کا مصنوعی سوراخ (سٹوما) ختم کر دیا گیا، تاہم اب انھیں اچانک اور فوری طور پر رفع حاجت کی ضرورت محسوس ہونے، پیٹ میں مسلسل درد اور نچلے حصے میں تکلیف کا سامنا ہے۔ ان مسائل کی ایک وجہ آپریشن کے مقام پر بننے والی جسم کے اندرونی تہہ میں چپک جانے والے ٹشوز (Adhesions) ہیں۔
وہ کہتی ہیں کہ ’میرا خیال ہے کہ میری آنت پیٹ کی اندرونی دیوار کے ساتھ چپک گئی ہے۔ اس لیے جب کھانا آنتوں سے گزرتا ہے تو وہ آزادانہ طور پر حرکت نہیں کر پاتا۔‘
ان کے مطابق اسی وجہ سے انھیں مسلسل پیٹ میں درد رہتا ہے۔
10 سے 15 فیصد نئی مائیں ڈپریشن کا شکار
اگرچہ اب بچے کی پیدائش کے بعد پہلے ایک سال کے دوران خواتین کی ذہنی صحت کے مسائل کے بارے میں آگاہی میں اضافہ ہوا ہے، تاہم اس پہلو پر کم بات ہوتی ہے کہ بہت سی خواتین کئی سال بعد بھی ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار رہتی ہیں۔
ایک تحقیق کے تجزیے سے معلوم ہوا کہ تقریباً 4.5 فیصد خواتین میں تین سال تک ڈپریشن کی علامات برقرار رہیں۔
طبی اندازوں کے مطابق 10 سے 15 فیصد نئی مائیں ڈپریشن کا شکار ہوتی ہیں، جو بچے کی پیدائش کے بعد سامنے آنے والا ذہنی صحت کا سب سے عام مسئلہ ہے۔
دیگر مسائل میں اضطراب، ذہنی دباؤ کی کیفیت (PTSD) اور زچگی کے بعد ہونے والی سائیکوسس شامل ہیں۔
دو بچوں کی ماں نیا جوشی کو 2020 میں ہنگامی سیزیرین آپریشن کے بعد زچگی وارڈ میں ملنے والے علاج کے نتیجے میں پی ٹی ایس ڈی کا سامنا کرنا پڑا۔
انھیں محسوس ہوتا تھا کہ انھیں تنہا چھوڑ دیا گیا ہے اور کوئی ان کی مدد کے لیے موجود نہیں۔
وہ کہتی ہیں کہ ’میں جسمانی طور پر اس قابل بھی نہیں تھی کہ اپنا خیال رکھ سکوں، اپنے نومولود بچے کی دیکھ بھال کرنا تو بہت دور کی بات تھی۔ اس کے باوجود مجھے ہر چیز اکیلے ہی سنبھالنی پڑی۔‘
زچگی کے دوران اور بعد ازاں ذہنی صحت کے مسائل سے متعلق ایک ماہرِ نفسیات کی مدد سے وہ بچے کی پیدائش کے ایک سال بعد پی ٹی ایس ڈی سے صحت یاب ہو گئیں، تاہم بعد میں انھیں پری مینسٹرول ڈسفورک ڈس آرڈر (PMDD) لاحق ہو گیا۔
یہ ایک ایسی کیفیت ہے جس میں ماہواری شروع ہونے سے ایک یا دو ہفتے پہلے شدید ڈپریشن اور ناامیدی کے احساسات پیدا ہوتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق ان دونوں ذہنی کیفیات کا آپس میں تعلق ہو سکتا ہے۔
نیا جوشی کے مطابق چھوٹے بچوں کی پرورش کرتے ہوئے اس طرح ادھوری زندگی گزارنا ان کے لیے ایک بڑا چیلنج رہا۔
تاہم بعد میں انھوں نے پوسٹ نیٹل ڈولا (Postnatal Doula) کی تربیت حاصل کی، تاکہ بچے کی پیدائش کے بعد جسمانی اور ذہنی مسائل سے متاثر دیگر خواتین کی مدد کر سکیں۔ اب وہ اس مقصد کے لیے پُرعزم ہیں۔
بچے کی پیدائش کے بعد پیدا ہونے والی بہت سی پیچیدگیوں کا کوئی فوری حل موجود نہیں، تاہم یہ جاننا کہ مدد اور علاج کی کون سی سہولتیں دستیاب ہیں، بہتری کی جانب ایک اہم پہلا قدم ثابت ہو سکتا ہے۔
2019 میں برطانیہ میں کی جانے والی ایک تحقیق میں پیٹ کے نچلے اعضا کے اپنی جگہ سے نیچے سرکنے (Pelvic Organ Prolapse) کے بعد خواتین کو ملنے والی طبی سہولیات کے تجربات کا جائزہ لیا گیا۔
محققین کے مطابق بہت سی خواتین نے علاج کے لیے رجوع کرنے میں تاخیر کی۔ اس کی ایک وجہ یہ تھی کہ وہ اپنی تکلیف بیان کرنے میں شرمندگی محسوس کرتی تھیں یا انھیں لگتا تھا کہ طبی عملہ ان کی علامات کو سنجیدگی سے نہیں لے رہا۔
بہت سی خواتین کے برسوں تک ان مسائل کا شکار رہنے کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ بچے کی پیدائش کے بعد طبی توجہ زیادہ تر نومولود کی دیکھ بھال پر مرکوز رہتی ہے، جبکہ ماں کی صحت کو اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔
امریکہ کی یونیورسٹی آف نارتھ کیرولائنا میں شعبۂ زچگی و امراضِ نسواں کی پروفیسر ایلیسناسٹوبے نے ایک رپورٹ میں لکھا کہ ’ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے بچہ مٹھائی ہے اور ماں اس کا ریپر۔ جب مٹھائی باہر نکل آتی ہے تو ہم ریپر کو ایک طرف پھینک دیتے ہیں۔‘
مسئلے کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ عموماً بچے کی پیدائش کے بعد خواتین کو طبی معائنے کے لیے صرف چند مواقع فراہم کیے جاتے ہیں جس وجہ سے بعد میں برقرار رہنے والی کئی پیچیدگیاں نظر انداز ہو سکتی ہیں۔
ایک حالیہ سروے میں بھی بڑی تعداد میں خواتین نے اس ضرورت پر زور دیا کہ بچے کی پیدائش کے کم از کم ایک سال بعد تک ان کی صحت کی مسلسل نگرانی اور طبی معائنہ ہونا چاہیے۔
یہ بھی حقیقت ہے کہ بہت سے نئے والدین بچے کی دیکھ بھال میں اس قدر مصروف ہو جاتے ہیں کہ انھیں اپنی صحت کے بارے میں سوچنے کا وقت ہی نہیں ملتا۔
اس کے ساتھ بچے کی پیدائش کے بعد کی مدت سے متعلق بعض غلط تصورات بھی اس مسئلے کو بڑھاتے ہیں۔ بہت سی خواتین یہ سمجھ کر ان پیچیدگیوں کو قبول کر لیتی ہیں کہ شاید اب انھیں اسی طرح زندگی گزارنی ہوگی۔
مثلاً وہ سوچتی ہیں کہ کھانستے وقت پیشاب نکل جانا یا دوڑنے کے قابل نہ رہنا اب ان کی زندگی کا حصہ بن چکا ہے۔
بارنز یہ بھی بتاتی ہیں کہ ان کے لیے اپنی تکلیف کو تسلیم کیا جانا اور لوگوں کا ان کی بات پر یقین کرنا کس قدر اہم تھا۔ خاص طور پر اس لیے کہ کئی برس تک ان کے درد کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔
وہ کہتی ہیں کہ ’کئی سال پہلے ایک ڈاکٹر نے مجھے بتایا تھا کہ میں ایک بے وقوف اور ضرورت سے زیادہ حساس خاتون ہوں۔ یہ بات مجھے ساری زندگی یاد رہے گی۔‘
دوسری خواتین کے لیے ان کا مشورہ ہے کہ وہ اپنی تکلیف سنے جانے اور اسے تسلیم کروانے کی کوشش کبھی نہ چھوڑیں۔
میرے اپنے معاملے میں بھی ابتدا میں مجھے معلوم نہیں تھا کہ اندرونی ٹشوز کا چپکنا (Adhesions) کیا ہوتا ہے۔ کسی نے مجھے کبھی نہیں بتایا تھا کہ پہلے ہونے والے آپریشنز کے باعث مجھے اس مسئلے کا زیادہ خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
ان تمام تجربات کے باوجود میں خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ ہر پیچیدگی کے بعد میری طبیعت اچھی طرح بحال ہوئی اور اب روزمرہ زندگی میں مجھے کسی قسم کا درد نہیں ہوتا۔
بہت سے ماہرین نے مجھے بتایا، درست معلومات انسان کو بااختیار بنا سکتی ہیں۔ اسی لیے مجھے امید ہے کہ اپنے تجربات اور ان معلومات کو دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے سے خواتین کو یہ سمجھنے میں مدد ملے گی کہ کن علامات پر نظر رکھنی چاہیے اور کب طبی مدد حاصل کرنا ضروری ہے۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔