مائیکروسافٹ نے کہا ہے کہ یہ بندش سائبر سیکیورٹی کے واقعے کی وجہ سے نہیں تھی، لیکن مسائل کو حل کرنے کی کوششیں اب تک بڑی حد تک ناکام رہی ہیں۔

مائیکروسافٹ کی عالمی سطح پر ہونے والی ایک بڑی بندش کے باعث کئی سروسز متاثر ہوئیں، جبکہ بعض صورتوں میں کچھ سروسز نے مکمل طور پر کام کرنا بھی بند کر دیا تھا۔ متاثرہ سروسز میں ای میل اور مصنوعی ذہانت کی مصنوعات بھی شامل ہیں۔
مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ اس بندش کے پیچھے سائبر سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں، تاہم بندش کی وجوہات کو حل کرنے کی کوششیں اب تک زیادہ کامیاب نہیں ہو سکی ہیں۔
آئیے جانتے ہیں کہ مائیکرو سافٹ کی اس بندش سے کون کون سی سروسز متاثر ہوئی ہیں اور آخر اس کی وجہ کیا ہے؟
مائیکروسافٹ کے ساتھ کیا مسئلہ پیش آیا؟
مائیکروسافٹ 365 کی سروسز بشمول ٹیمز، آؤٹ لک اور مائیکروسافٹ کا مصنوعی ذہانت کا سافٹ ویئر کو پائلٹ 'کنیکٹیویٹی کے مسائل' سے متاثر ہوئے ہیں۔
صارفین کی جانب سے رسائی کے حوالے سے مختلف طرح کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ بہت سے صارفین ای میلز بھیجنے یا وصول کرنے، آن لائن موجود اپنی فائلوں تک رسائی یا کیلنڈر ایپس پر تفصیلات نہیں دیکھ پا رہے ہیں۔
کچھ صارفین مائیکروسافٹ ٹیمز سافٹ استعمال کر پا رہے ہیں اور بغیر کسی مسئلے کے پیغام رسانی اور آن لائن میٹنگ کے افعال استعمال کر رہے ہیں۔
اس بندش سے کتنے لوگ متاثر ہوئے؟
مائیکروسافٹ کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق 43 کروڑ سے زیادہ لوگ مائیکروسافٹ 365 ایپس استعمال کرتے ہیں۔
اس بندش سے کتنے وسیع پیمانے پر مائکروسافٹ سروسز متاثر ہوئی ہیں اس کی تو تصدیق نہیں ہو سکی ہے تاہم آن لائن سروسز کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر نے جمعرات کی شام اطلاع دی کہ 74 ممالک کے ایک لاکھ 40 ہزار صارفین نے آؤٹ لُک کے ساتھ مسائل کی شکایت کی ہے۔
اصل اعداد و شمار اس سے بہت زیادہ ہونے کا امکان ہے کیونکہ ڈاؤن ڈیکٹیکٹر بنیادی طور پر صارفین کی جانب سے خود رپورٹ کیے گئے مسائل پر انحصار کرتا ہے۔
مائیکروسافٹ 365 دنیا بھر میں کمپنیاں بھی استعمال کرتی ہیں اور عین ممکن ہے کہ اس بندش کا دیگر سروسز پر بھی اثر پڑا ہوگا۔
بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں اوپن اے آئی اور اینتھروپک دونوں نے مائیکروسافٹ سروسز کی بندش کے نتیجے میں مسائل کی اطلاع دی ہے۔
چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ وہ مائیکروسافٹ کی سروسز سے اس کے کنکشن کو متاثر کرنے والے ایک مسئلے کی تحقیقات کر رہی ہے، جس کی وجہ سے کچھ ٹولز توقع کے مطابق کام نہیں کر رہے۔
سرکاری ایجنسیاں اور پبلک سروسز بشمول سنگاپور کی حکومت اور آسٹریلیا کی جاسوسی ایجنسی کا کہنا ہے کہ وہ بھی اس بندش متاثر ہوئے ہیں۔
برطانیہ بھر میں، طبی خدمات، فارمیسی، پولیس اور سکول بھی بندش سے متاثر ہوئے ہیں۔
کچھ ڈاکٹروں نے مریضوں کو مشورہ دیا ہے کہ جب تک یہ بندش دور نہیں ہو جاتی وہ ان کی ویب سائٹ کے ذریعے پیغامات نہ بھیجیں۔ دوسری جانب کئی بڑی پولیس فورسز نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ اگر وہ کوئی مسئلہ رپورٹ کرنا چاہتے ہیں تو کال کریں۔

مائیکروسافٹ کیا کہنا ہے؟
مائیکروسافٹ نے اس معاملے میں کسی سائبر حملے کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جاری بندش اس کے انفراسٹرکچر پر پڑنے والے 'بہت زیادہ بوجھ' کی وجہ سے ہے۔
کمپنی کی جانب سے استعمال کی جانے والی 'بہت زیادہ بوجھ' کی اصطلاح سے مراد ایک ایسا وقت ہوتا ہے جب سرور کو عام حالات میں پڑنے والے دباؤ سے کہیں زیادہ بوجھ سنبھالنا پڑتا ہے۔
مائیکروسافٹ کا کہنا سروسز کی بندش کی صورت میں، سرورز کی ایک بڑی تعداد 'غیر متوقع طور پر دستیاب نہیں' رہی جس کے باعث اضافی ٹریفک باقی سرورز کی جانب آیا اور اس سے ان پر دباؤ پڑا۔
جمعے کی صبح، مائیکروسافٹ نے کہا کہ وہ حالات میں بہتری کی ابتدائی علامات دکھائی دے رہی ہیں لیکن سروس کی صلاحیت ’ابھی تک معمول کی سطح پر واپس نہیں آئی۔‘
اس سے قبل کمپنی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا مسئلے کو حل کرنے کی اس کی کوششیں توقع کے امید کے مطابق کام نہیں کر رہیں۔
ماہرین کیا کہتے ہیں؟
آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے سائبر سکیورٹی کے ماہر ٹرائے ہنٹ نے بی بی سی کو بتایا کہ اس بندش کے دور رس نتائج ہو سکتے ہیں۔
'مائیکروسافٹ انٹرنیٹ ریڑھ کی ہڈی کا ایک بڑا حصہ ہے اور اس سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ای میل اب بھی کتنی اہم ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس بندش سے نہ صرف بہت سے لوگوں کے کام کرنے کی صلاحیت متاثر ہوئی ہے بلکہ اپوائنٹمنٹس کے متعلق اطلاعات فراہم کرنے، چیزیں کی خرید کے لیے درکار تصدیق، اکاؤنٹس اور سروسز تک رسائی یا نئے اکاؤنٹس بنانے میں مشکلات پیش آئی ہیں۔
گیرگلی اوروز ایک سافٹ ویئر جو اوبر اور سکائپ جیسی کئی بڑی ٹیک کمپنیوں کے ساتھ منسلک رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ کاروباری ای میل کی اب تک سب سے بڑی بندش ہو سکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے ابھی یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ اس بندش سے کتنے لوگ متاثر ہوئے ہیں، تاہم ان کے مطابق انھیں یاد نہیں کہ آج سے قبل کسی کاروباری ای میل پر ہونے والی بندش کو معمول پر آنے میں اتنا وقت لگا ہو۔
نیوزی لینڈ میں قائم ایڈوائزری فرم گوریلا ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والے پال سپین کا کہنا ہے کہ ای میلز اور سروسز آف لائن ہونے کے باعث کمپنیوں نے عملی طور پر 'کاروباری دن کھو دیا' جس سے صارفین کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔