سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کے حقوق سلب کیے جا رہے ہیں، شہر میں زمینوں پر قبضے اور بھتہ وصولی کے معاملات جاری ہیں۔
سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی خورشیدی نے کہا کہ ایس بی سی اے میں بھتہ وصول کیا جا رہا ہے جبکہ کراچی کے ڈومیسائل چند پیسوں کے عوض فروخت کیے جا رہے ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ سینکڑوں افراد نے جعلی ڈومیسائل پر ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ دیے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے 18 سالہ دورِ اقتدار میں کراچی بدحالی کا شکار ہوچکا ہے حکومت شہر کو پینے کا پانی فراہم کرنے میں بھی ناکام رہی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اتنے طویل عرصے میں شہریوں کو بنیادی سہولیات کیوں نہیں مل سکیں؟
علی خورشیدی کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کو 1500 بسیں فراہم نہیں کی جاسکیں، جبکہ سوشل میڈیا مہمات پر کروڑوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے سندھ حکومت کے محکمہ اطلاعات کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کراچی کے شہریوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی اور جعلی ڈومیسائل کے معاملے کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔