یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) نے پنجاب کے سرکاری میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس داخلوں کے لیے پہلی سلیکشن لسٹ جاری کردی، جس کے مطابق اوپن میرٹ پر ایم بی بی ایس کا کم از کم میرٹ 93.297 فیصد رہا۔
اوپن میرٹ پر سب سے زیادہ میرٹ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور کا 95.3697 فیصد رہا، جبکہ سب سے کم میرٹ نئے قائم ہونے والے رسول یونیورسٹی منڈی بہاؤالدین میڈیکل کالج کا 93.297 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
یو ایچ ایس کے مطابق پنجاب کے 19 سرکاری میڈیکل کالجز میں اوپن میرٹ کی مجموعی طور پر 3 ہزار 796 نشستیں ہیں۔ علامہ اقبال میڈیکل کالج لاہور کا میرٹ 94.875 فیصد، سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کا 94.3917 فیصد، نشتر میڈیکل کالج ملتان کا 94.1889 فیصد، راولپنڈی میڈیکل کالج کا 94.0131 فیصد اور امیر الدین میڈیکل کالج لاہور کا میرٹ 93.8972 فیصد رہا۔
پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد کا میرٹ 93.7121 فیصد، فاطمہ جناح میڈیکل کالج لاہور کا 93.7106 فیصد، قائداعظم میڈیکل کالج بہاولپور کا 93.5636 فیصد، گوجرانوالہ میڈیکل کالج کا 93.5045 فیصد، ساہیوال میڈیکل کالج کا 93.4773 فیصد جبکہ خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ کا میرٹ 93.4717 فیصد رہا۔
نواز شریف میڈیکل کالج گجرات کا میرٹ 93.4394 فیصد، سرگودھا میڈیکل کالج کا 93.4227 فیصد، ڈی جی خان میڈیکل کالج کا 93.3694 فیصد، شیخ زید میڈیکل کالج رحیم یار خان کا 93.3583 فیصد اور نارووال میڈیکل کالج کا میرٹ 93.3561 فیصد رہا۔
امسال نئے قائم ہونے والے مریم نواز شریف میڈیکل کالج میانوالی کا کم از کم میرٹ 93.3121 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
یو ایچ ایس نے اوورسیز سمیت مختلف کوٹہ نشستوں کے لیے بھی سلیکشن لسٹیں جاری کردی ہیں۔ اوورسیز کیٹیگری میں کم از کم میرٹ 87.4717 فیصد، خصوصی طلبہ کی نشستوں پر 89.9609 فیصد، پسماندہ اضلاع کی کیٹیگری میں 88.3778 فیصد، ریسیپروکل کیٹیگری میں 93.3293 فیصد جبکہ چولستان کے لیے مخصوص نشست پر میرٹ 93.1591 فیصد رہا۔
یو ایچ ایس ترجمان کے مطابق منتخب امیدواروں کو فیس جمع کرانے کے لیے 21 نومبر تک مہلت دی گئی ہے۔ امیدوار داخلہ پورٹل سے فیس چالان ڈاؤن لوڈ کرکے آن لائن فیس جمع کرا سکتے ہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ منتخب امیدواروں کے لیے الاٹ شدہ میڈیکل کالج میں اصل تعلیمی دستاویزات کے ہمراہ جوائننگ دینا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔