بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے میٹرک نہم اور دہم کے سالانہ امتحان 2027ء کے داخلہ فارم جمع کرانے کا شیڈول جاری کر دیا، امتحانات کا آغاز 16 مارچ 2027ء سے ہوگا۔
بورڈ ترجمان ارسلان علی چیمہ کے مطابق سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 11 دسمبر 2026ء، دوگنا فیس کے ساتھ 28 دسمبر 2026ء اور تین گنا فیس کے ساتھ 11 جنوری 2027ء مقرر کی گئی ہے، جبکہ تین گنا فیس کے ساتھ 200 روپے یومیہ جرمانے کی ادائیگی پر داخلہ فارم 28 فروری 2027ء تک جمع کرائے جا سکیں گے۔
ترجمان کے مطابق پہلی مرتبہ امتحان میں شرکت کرنے والے تمام پرائیویٹ امیدوار داخلہ فیس اور پروسیسنگ فیس کے علاوہ 1150 روپے رجسٹریشن فیس بھی جمع کرائیں گے۔
راولپنڈی بورڈ نے پرائیویٹ امیدواروں کے لیے داخلہ فارم کی ہارڈ کاپی بورڈ میں جمع کرانے کی شرط ختم کر دی ہے۔ امیدوار آن لائن داخلہ فارم جمع کرانے کے بعد اس کی ہارڈ کاپی پرنٹ کرکے اپنے پاس محفوظ رکھیں گے۔
پرائیویٹ امیدوار اپنے امتحانی مرکز کے زون کے مطابق متعلقہ ادارے سے داخلہ فارم کی تصدیق کروانے کے بعد بورڈ کی جانب سے جاری کردہ چالان کے ذریعے فیس جمع کرانے کے پابند ہوں گے، جبکہ مینول چالان کے ذریعے جمع کرائی گئی فیس قابل قبول نہیں ہوگی۔
بورڈ ترجمان نے بتایا کہ تمام ریگولر ادارے اور پرائیویٹ امیدوار صرف آن لائن پورٹل سے جاری کردہ چالان کے ذریعے فیس جمع کرائیں گے، جبکہ ریگولر ادارے اپنے پورٹل سے چالان پرنٹ کرکے استعمال کریں گے۔