ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے پہلے سالانہ امتحانات 2026 جماعت نہم سائنس گروپ ریگولر کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔
چیئرمین بورڈپروفیسر مشرف علی راجپوت نے بتایا کہ یہ نتائج شام5:30 بجے بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.bsek.edu.pk پر دیکھے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نتائج میں شفافیت ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس سال کامیابی کا تناسب 69.56 فیصد رہا انہوں نے تمام پرچوں میں کامیاب طلباء و طالبات کو مبارکباد دی۔
اس موقع پر ناظم امتحانات احمد خان چھٹو نے بتایا کہ سائنس گروپ میں ایک لاکھ 80 ہزار 54 طلباء و طالبات رجسٹرڈ ہوئے جن میں سے ایک لاکھ 77 ہزار 923 طلباء وطالبات امتحانات میں شریک ہوئے، غیر حاضر طلباء و طالبات کی تعداد 2 ہزار 131 رہی۔
تمام پرچوں میں کامیاب طلباء و طالبات کی تعدادایک لاکھ 23 ہزار 757 رہی، چھ پرچوں میں 21 ہزار 999، پانچ پرچوں میں 11 ہزار 06، چار پرچوں میں 7 ہزار 431، تین پرچوں میں 4 ہزار 409، دو پرچوں میں 3 ہزار 101 اور ایک پرچے میں 2 ہزار 439 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی اور کامیابی کا تناسب 69.56 فیصد رہا۔
اسی طرح فیل امیدواروں کی تعداد 53 ہزار 849 رہی۔