سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کی انتظامیہ نے تعلیمی سیشن 2027ء کے لیے بیچلر ڈگری پروگرامز میں داخلوں کی غرض سے آن لائن فارم جمع کرانے کی حتمی تاریخ بڑھا کر 5 دسمبر 2026ء مقرر کردی ہے، جبکہ ٹنڈوجام اور خیرپور کیمپسز میں داخلے کے لیے پری ایڈمشن ٹیسٹ اتوار 13 دسمبر کو منعقد ہوگا۔
یونیورسٹی ترجمان کے مطابق صوبے کی دیگر جامعات کے امتحانی اور داخلہ شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے طلبہ کو سہولت فراہم کرنے کے لیے تاریخ میں توسیع کی گئی ہے، تاہم 5 دسمبر کے بعد مزید کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
یونیورسٹی اور اس سے ملحقہ خیرپور کالج آف ایگریکلچر اینڈ مینجمنٹ سائنسز میں داخلے کے خواہشمند امیدواروں کا تحریری امتحان ایک ہی روز پبلک اسکول حیدرآباد اور آئی بی اے پبلک اسکول سکھر میں لیا جائے گا۔
دوسری جانب عمرکوٹ کیمپس کے لیے علیحدہ ٹیسٹ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، البتہ وہاں کے امیدوار 13 دسمبر کو حیدرآباد سینٹر میں بھی امتحان دینے کے مجاز ہوں گے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ امیدوار مقررہ وقت سے پہلے اپنے آن لائن فارم کی تکمیل، دستاویزات کی اپ لوڈنگ اور ناقابلِ واپسی پراسیسنگ فیس کی ادائیگی یقینی بنائیں، بصورت دیگر نامکمل یا بغیر فیس جمع کرائے گئے فارم مسترد کردیے جائیں گے۔