بلوچستان کے بے روزگار نوجوانوں کے لیے وفاقی محکموں میں روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا کر دیے گئے وفاقی وزارتوں اور ان کے ماتحت اداروں میں خصوصی بھرتیوں کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی خصوصی دلچسپی اور کاوشوں کے تحت بلوچستان کے نوجوانوں کو وفاقی اداروں میں روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، منصوبے کے تحت 13 وفاقی وزارتوں کے ماتحت 100 سے زائد محکموں میں بھرتیوں کا عمل شروع ہوگا۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے وفاقی محکموں میں مجموعی طور پر 5 ہزار ملازمتیں مختص کی گئی ہیں، جن پر مرحلہ وار بھرتیاں کی جائیں گی۔
حکام کے مطابق بھرتیوں کا عمل شفافیت اور میرٹ کو یقینی بناتے ہوئے مکمل کیا جائے گا، اس مقصد کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ 100 سے زائد وفاقی کمیٹی ارکان اور متعلقہ حکام بھرتیوں کے عمل کی نگرانی کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹریز اور وفاقی سیکرٹریز پر مشتمل کمیٹیوں کے ارکان بلوچستان کے مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے اور بھرتیوں کے عمل میں براہ راست حصہ لیں گے، تاکہ امیدواروں کی اہلیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔
وفاقی حکومت کے اس اقدام سے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے سرکاری ملازمتوں کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے جبکہ اسے وفاقی اداروں میں بلوچستان کی نمائندگی بڑھانے کی جانب بھی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔