نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کراچی نے آن لائن جوئے اور سٹے بازی کے ایک بڑے بین الاقوامی نیٹ ورک کے خلاف ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم سیف سمیت پانچ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
ایجنسی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شہزاد اکبر نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ اس نیٹ ورک کے ذریعے 240 ارب روپے کی مالی ٹرانزیکشنز کا سراغ ملا ہے، جبکہ مجموعی مالی حجم ایک ہزار ارب روپے تک ہونے کا اندیشہ ہے۔ کارروائی کے دوران ایک ارب روپے کے اثاثے اور 70 لاکھ ڈالر مالیت کے یو ایس ڈی ٹی کرپٹو اثاثے منجمد کیے گئے ہیں اور گرفتار ملزم کے قبضے سے 73 لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق تفتیش کا آغاز اسٹیٹ بینک کی جانب سے 6 ارب 15 کروڑ روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن رپورٹس موصول ہونے پر ہوا، جو مزید چھان بین کے بعد 240 ارب روپے تک جا پہنچی۔ اس مقدمے میں مجموعی طور پر 40 افراد اور 38 بینک اکاؤنٹس کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ 38 مختلف کمپنیوں کے کردار کی بھی جانچ پڑتال جاری ہے۔ گرفتار ہونے والے پانچ ملزمان میں تین کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز اور دو ڈائریکٹرز شامل ہیں، جنہیں نیٹ ورک کے اصل فائدہ اٹھانے والے مالکان قرار دیا جا رہا ہے۔
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان متعدد موبائل بیٹنگ ایپس کے ذریعے شہریوں کو پہلے منافع کا لالچ دے کر جوئے کی لت لگاتے تھے اور بعد ازاں ان کی رقوم ہتھیا لیتے تھے۔ صارفین سے موبائل اکاؤنٹس کے ذریعے جمع کی گئی رقوم کو مختلف اکاؤنٹس میں گھمایا جاتا تھا، جس میں سے 60 سے 65 فیصد رقم دوبارہ سسٹم میں استعمال ہوتی تھی جبکہ 30 سے 35 فیصد منافع ایپ ڈویلپرز، مینجمنٹ، مرچنٹس اور اکاؤنٹس فراہم کرنے والوں میں تقسیم ہوتا تھا۔
ایجنسی کے مطابق جوئے کی رقم کو چھپانے کے لیے ڈیری اور ویب ڈیزائننگ جیسے جعلی کاروباری پروفائلز اور بے نامی اکاؤنٹس کا سہارا لیا گیا۔ اکاؤنٹ ہولڈرز کو ماہانہ معاوضہ دے کر ان کے اکاؤنٹس استعمال کیے جاتے تھے، جن میں سے ایک ہی شخص کے تین اکاؤنٹس میں ڈیڑھ سال کے دوران دو ارب روپے منتقل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
این سی سی آئی اے نے دو بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے ساتھ ساتھ سہولت کاری کے الزام میں متعلقہ بینک منیجرز کو بھی مقدمے میں نامزد کر دیا ہے اور تحقیقات کا دائرہ ملک کے دیگر حصوں تک پھیلا دیا گیا ہے۔