بحیرہ عرب میں مشترکہ کارروائی، بھاری مقدار میں غیر قانونی شراب برآمد

image

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی خفیہ اطلاعات پر بحیرہ عرب میں پاک بحریہ، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور اے این ایف نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک مشکوک بے ریاست جہاز کو روک لیا۔

کارروائی کے دوران متعلقہ اداروں کے اہلکاروں نے جہاز پر سوار ہو کر تلاشی لی، جس کے نتیجے میں بھاری مقدار میں غیر قانونی طور پر درآمد کی گئی شراب برآمد کر کے قبضے میں لے لی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق برآمد شدہ شراب کو غیر قانونی طور پر تقسیم کرنے کے لیے منتقل کیا جا رہا تھا، جبکہ ضبط کی گئی شراب کی عالمی مارکیٹ میں مالیت 15 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

ترجمان کے مطابق کارروائی میں جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر نے بھی معاونت فراہم کی، جبکہ بروقت انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے اور مختلف اداروں کے مؤثر باہمی رابطے کے باعث کارروائی کامیاب ہوئی۔

اے این ایف ترجمان نے کہا کہ مشترکہ کارروائی سے خطے میں سرگرم بین الاقوامی اسمگلنگ نیٹ ورکس کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔ کارروائی پاکستان کی سمندری حدود کے تحفظ اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں کے پختہ عزم کا اظہار ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US