متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ جہاں انتظامی ضرورت ہو وہاں نئے صوبے بننے چاہئیں، پنجاب میں نئے صوبے بن سکتے ہیں تو سندھ میں کیوں نہیں؟ کیا سندھ مقدس گائے ہے؟
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کبھی صرف سندھ، کراچی یا مہاجر صوبے کا مطالبہ نہیں کیا بلکہ آبادی اور انتظامی ضروریات کے مطابق پورے پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر نئے صوبوں کا مطالبہ پورے ملک کے لیے ہے تو کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص اور نواب شاہ کے حوالے سے خون ریزی کی دھمکیاں کیوں دی جا رہی ہیں؟ سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کو دھمکیاں دینے سے پہلے سوچنا چاہیے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں نے جو بات پہلے کی تھی، آج پورا پاکستان وہی بات کر رہا ہے، ہم دلیل دیتے ہیں اور جواب میں بھی دلیل کے منتظر ہوتے ہیں، دھمکیوں کے نہیں۔
انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے سوال کیا کہ جب پورے پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی بات ہو رہی ہے تو پھر خون ریزی کی دھمکیاں صرف کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص اور نواب شاہ کے لیے کیوں دی جا رہی ہیں؟
وفاقی وزیر نے امن و امان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں کو بھی اس معاملے پر ازخود نوٹس لینا چاہیے۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ سندھ کے شہری علاقوں کے لوگ آزادی کا تحفہ لے کر پاکستان آئے تھے، ان شہروں کی معاشی سرگرمیوں سے پورا صوبہ مستفید ہوتا ہے، تاہم انہی علاقوں کے عوام کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ کراچی سندھ کے بجٹ کی آمدن میں 97 فیصد حصہ دیتا ہے، جبکہ بعض اعدادوشمار کے مطابق یہ حصہ 93 فیصد ہے، سوال یہ ہے کہ باقی آمدن حیدرآباد، میرپورخاص، نواب شاہ، سکھر اور دیگر شہروں سے کتنی حاصل ہوتی ہے؟
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت اور جاگیردارانہ جمہوریت کے درمیان بہت فاصلہ ہے، سیاسی قیادت اکثر سیاسی کارکنوں کے بجائے خاندانی اور موروثی بنیادوں پر سامنے آتی ہے، جس کے باعث عوامی نمائندگی محدود ہو کر رہ جاتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کا مطالبہ نہ غداری ہے اور نہ سازش بلکہ یہ انتظامی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے شہری علاقوں میں نئے صوبے کے قیام کا مقدمہ تاریخی، معاشی اور انتظامی اعتبار سے مضبوط ہے۔