پاکستان 20 سے 22 نومبر 2026 تک نئی دہلی میں ہونے والے پہلے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) تہذیبی مکالمہ فورم میں شرکت کرے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کے وزیر ثقافت و سیاحت کی دعوت پر وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق مسعود ملک پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
ڈاکٹر مصدق ملک فورم سے خطاب میں تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی اہمیت اور اس شعبے میں پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالیں گے۔ ان کے خطاب میں شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کے تعمیری کردار کے ساتھ ساتھ پاکستان کے متنوع تہذیبی اور ثقافتی ورثے کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق فورم میں پاکستان کی شرکت ایک فعال ایس سی او رکن ملک کی حیثیت سے ’’شنگھائی اسپرٹ‘‘ کے تحت مکالمے، تعاون اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاس ہے۔
پاکستانی وفد فورم کے مختلف موضوعاتی اجلاسوں میں بھی شرکت کرے گا جبکہ اجلاس کے موقع پر ایس سی او کے رکن ممالک کے نمائندوں سے ملاقاتیں اور تبادلہ خیال بھی کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان 2026-27 کے لیے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کا موجودہ چیئرمین ہے، جس کے تحت پاکستان آئندہ سال ہونے والی سربراہی کانفرنس کی تیاری کے سلسلے میں متعدد وزارتی، ماہرین کے گروپ کے اجلاس اور دیگر سرگرمیوں کی میزبانی کرے گا۔