مکہ مکرمہ کی جانب داغا گیا بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ کرنے کا سعودی دعویٰ

image

سعودی اتحادی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے مکہ مکرمہ کی طرف داغا گیا بیلسٹک میزائل سعودی فضائی دفاعی نظام نے ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی فضا میں تباہ کردیا۔

اتحادی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی کے مطابق سعودی فضائی دفاع نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے میزائل کو ناکارہ بنایا۔ ممکنہ خطرے کے پیش نظر مکہ مکرمہ میں ہنگامی انتباہی سائرن بھی بجائے گئے جبکہ شہری دفاع نے حفاظتی الرٹ جاری کیا۔

حکام کے مطابق خطرہ ٹلنے کے بعد الرٹ ختم کردیا گیا اور شہریوں کو صورتحال سے آگاہ کردیا گیا۔

بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے مزید بتایا کہ اس سے قبل حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی دارالحکومت ریاض کی سمت بھیجا گیا ڈرون بھی سعودی فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کردیا تھا۔

دوسری جانب سعودی شہری دفاع نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سکیورٹی اور دفاعی کارروائیوں سے متعلق غیر مصدقہ اطلاعات یا حساس معلومات سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے گریز کریں۔

حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں صرف سرکاری اداروں کی جانب سے جاری کردہ اطلاعات پر اعتماد کیا جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US