نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے معزز ججز کے خلاف سوشل میڈیا پر تنقید، ٹرولنگ اور مبینہ پروپیگنڈا کرنے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کارروائی کا اعلان کردیا۔
ڈی جی این سی سی آئی اے علی ناصر رضوی نے ای کچہری کے دوران عدلیہ مخالف مہم اور ججز کے خلاف سوشل میڈیا پر ہونے والی گفتگو پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ادارے کے خلاف پروپیگنڈا نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عدلیہ سے متعلق کسی بھی قسم کے مبینہ پروپیگنڈے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کوئی شخص معزز جج کے خلاف سوشل میڈیا پر پوسٹ کیسے کرسکتا ہے۔
علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ پیکا ایکٹ کے تحت ججز کے خلاف مبینہ پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور عدلیہ مخالف مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔
ڈی جی این سی سی آئی اے نے کہا کہ ججز کی جانب سے کوئی معاملہ سامنے آئے اور اس کے بعد ان کے خلاف سوشل میڈیا پر ٹرولنگ شروع ہوجائے، یہ قابل قبول نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی شعبے سے تعلق رکھنے والے شخص کی جانب سے ججز کو تنقید یا مبینہ آن لائن مہم کا نشانہ بنانے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔