سندھ اسمبلی اجلاس: کچی آبادیوں کی لیز اور بنیادی سہولیات پر ایم کیو ایم اراکین کے سوالات

image

سندھ اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران ایم کیو ایم کی رکن فرح خان نے موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے اگلے پانچ سال کے منصوبوں اور اربن فلڈنگ کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے متعلق استفسار کیا۔

سوال کا جواب دیتے ہوئے مشیر کچی آبادی نجمی عالم نے ایوان کو آگاہ کیا کہ حکومت کسی بھی ایسی آبادی کی زمین کو لیز نہیں کر رہی جو برساتی نالے کے قریب واقع ہو، جبکہ ایسی آبادیوں کو منتقل یا بحال کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جنہیں لیز نہیں کیا جا سکتا۔

اجلاس کے دوران ایم کیو ایم کے رکن عامر صدیقی نے سوال اٹھایا کہ آیا پورے سندھ کی کسی کچی آبادی میں سیوریج اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے کوئی اسکیم بنائی گئی ہے؟ جس پر نجمی عالم نے واضح کیا کہ ترقیاتی کام کرانا ان کے محکمے کے زیر انتظام نہیں آتا۔

دوسری جانب ایم کیو ایم کے رکن صابر خان نے استفسار کیا کہ محکمہ کچی آبادی کے پاس زمین لیز کرنے کے اختیارات کیوں نہیں ہیں اور یہ محکمہ کچی آبادیوں میں مضبوط عمارتیں کیوں تعمیر نہیں کرتا؟

اس کے جواب میں مشیر کچی آبادی نجمی عالم نے کہا کہ سندھ حکومت متاثرین کے لیے بیس لاکھ گھر تعمیر کر رہی ہے جو لوگوں کو سیلاب سے محفوظ رکھیں گے، اور اگر حکومت ان کے محکمے کو زمین لیز کرنے کا اختیار دے گی تو وہ ضرور لیز کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US