وفاقی وزیر اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ 1973 کا آئین کوئی آسمانی صحیفہ نہیں ہے اور آئین کی خود ساختہ چیمپئن پاکستان پیپلز پارٹی اپنے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے بنائے گئے آئین میں اب تک 27 ترامیم کروا چکی ہے۔
کراچی کے ضلع کورنگی میں پارٹی کے ذمہ داران اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تنقید کی کہ جو عناصر خود کانٹا چبھنے کی تکلیف بھی برداشت نہیں کرسکتے، وہ نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے پر سندھ کے شہری علاقوں کو خون میں نہلانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد وفاقی حکومت بجٹ کے پہلے ہی دن مالی طور پر لاچار ہوجاتی ہے، جبکہ صوبے ہزاروں ارب روپے وصول کرنے کے باوجود اپنی آئینی اور انتظامی ذمہ داریاں نبھانے سے گریز کر رہے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ 16 برس میں وفاق سے 22 ہزار ارب روپے ملنے کے باوجود کراچی سے لے کر کشمور تک بنیادی سہولیات کا فقدان ہے اور ہر طرف دھول اڑ رہی ہے۔
ایم کیو ایم رہنما نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کے قیام کی تحریک عام انتخابات یا محض نشستوں کے حصول کا معاملہ نہیں ہے، بلکہ یہ ملک کی بقا اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کے تحفظ کی ایک سنجیدہ جدوجہد ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے عوام بیدار ہو چکے ہیں، ظلم کا دور ختم ہونے والا ہے اور آئندہ سال سے حقیقی آزادی کے عہد کا آغاز ہوگا، جس کے لیے کراچی نئے صوبوں کے حق میں اپنی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع منعقد کر کے اپنا فیصلہ سنائے گا۔
دوسری جانب، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کی تقسیم کی تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر زبردستی صوبے کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، جبکہ انہوں نے اس معاملے پر ریفرنڈم کی تجویز کی بھی مخالفت کی ہے۔