وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے لاہور میں ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور حکومتی اقدامات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے اور نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام عوام کو سہولیات کی فراہمی، بہتر طرز حکمرانی، انتظامی کارکردگی اور ملکی مستقبل سے براہ راست جڑا معاملہ ہے، جبکہ انتظامی یونٹس کو مضبوط اور بااختیار بنانا بھی مؤثر راستہ ثابت ہوسکتا ہے۔
چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈرز عوام ہیں، اگر آج درست سمت میں قدم نہ اٹھایا گیا تو آنے والا کل ہمیں معاف نہیں کرے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں انسداد دہشت گردی اور قیام امن کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے چوہدری شجاعت حسین کو آگاہ کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی خواہشات اور منشا کے مطابق تمام فیصلے کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین اور صوبائی وزیر صنعت چوہدری شافع حسین بھی موجود تھے۔