نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان تجارت دونوں ممالک کی استعداد کے مطابق نہیں، اس لیے تجارتی و اقتصادی تعاون کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز دی ہے۔ انہوں نے پرتگالی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت بھی دی ہے۔
پرتگال کے وزیر مملکت و خارجہ امور پاؤلو رانجل کے ہمراہ مشترکہ پریس اسٹیک آؤٹ سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان پرتگال کو دوطرفہ شراکت دار اور یورپی یونین میں ایک تعمیری آواز سمجھتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، قابلِ تجدید توانائی، ٹیکنالوجی اور لیبر موبیلٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان زرعی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا، خصوصاً زیتون کی کاشت اور پراسیسنگ کے شعبے میں پرتگال کے تجربے سے استفادہ کیا جائے گا۔ پاکستان نے 30 جون 2026 کو لزبن میں انٹرنیشنل اولیو کونسل کی 123ویں نشست میں مستقل رکنیت حاصل کی ہے۔ انہوں نے زرعی تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت کو جلد حتمی شکل دینے اور مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے بندرگاہوں کے درمیان تعاون بڑھا کر برآمد کنندگان کے لیے شپنگ اور لاجسٹکس کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا ختم کرنے سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں جبکہ سرمایہ کاری کے تحفظ سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پرتگال سے جی ایس پی پلس حیثیت کے لیے حمایت پر شکر گزار ہے اور نئے یورپی یونین فریم ورک کے تحت بھی پرتگال کی مسلسل حمایت کا خواہاں ہے۔ دونوں ممالک نے قانونی طریقوں سے ہجرت کے مواقع بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا، جبکہ پاکستان نے مجوزہ لیبر موبیلٹی پارٹنرشپ پر پرتگال سے غور کرنے کی درخواست کی۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پرتگال میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان اور پرتگال کے درمیان جامعات، تحقیق، ثقافتی تبادلوں، سیاحت اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے ایف سی پورٹو اور سیالکوٹ فٹ بال اکیڈمی کے درمیان شراکت داری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی پورٹو اکیڈمی میں ڈریگن فورس ٹریننگ پروگرام شروع کرے گا، جس سے نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور کوچز کی استعداد کار بڑھانے میں مدد ملے گی۔
نائب وزیراعظم نے پرتگال کو 2027-2028 کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اور پرتگال اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔
علاقائی اور عالمی امور کے حوالے سے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ فلسطین کے حوالے سے انہوں نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور دیگر ناقابلِ تنسیخ حقوق کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے غزہ میں بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور منصفانہ و دیرپا حل کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق پرامن مذاکرات کی حمایت کا اعادہ کیا جبکہ افغانستان کے حوالے سے کہا کہ افغان سرزمین کسی بھی ملک، بالخصوص پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
نائب وزیراعظم نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے معاہدے کو یکطرفہ طور پر التوا میں رکھنے کا فیصلہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور مشترکہ آبی وسائل کو سیاسی ہتھیار بنانے کی خطرناک کوشش ہے، جس سے پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی پانی، خوراک اور توانائی کی سلامتی متاثر ہو سکتی ہے۔