وفاقی حکومت کی جانب سے کرپشن کے خطرات سے متعلق جاری کی گئی قومی جائزہ رپورٹ کے مطابق ملک میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں (ڈسکوز) بدعنوانی کے سب سے زیادہ خطرات سے دوچار ادارے قرار پائے ہیں، جن کا اسکور 61.1 ریکارڈ کیا گیا ہے اور یہ ہائی رسک کیٹیگری میں شامل ہونے والے واحد ادارے ہیں۔
اس رپورٹ میں 56 ادارہ جاتی، 10 کراس کٹنگ گورننس اور 18 ریگولیٹری پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا ہے، تاہم مجموعی طور پر کوئی بھی ادارہ انتہائی زیادہ خطرے والے درجے میں شامل نہیں ہوا۔
سرکاری اعداد و شمار کے تحت خطرے کے لحاظ سے سرفہرست دس اداروں کی درجہ بندی میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) 54.4 اسکور کے ساتھ دوسرے اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) 49.5 اسکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
فہرست میں مزید آگے بڑھتے ہوئے پاسکو 47.1 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) 43.4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں درجے پر ہیں۔
اسی طرح پاکستان ریلوے 41.1 اسکور کے ساتھ چھٹے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) 40.1 کے ساتھ ساتویں اور پاکستان پوسٹ 39.9 اسکور کے ساتھ آٹھویں نمبر پر رہا۔
سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) اور متروکہ وقف املاک بورڈ (ای ٹی پی بی) 39.3 کے یکساں اسکور کے ساتھ بالترتیب نویں اور دسویں پوزیشن پر آئے ہیں۔