وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی وزراء کی جانب سے حالیہ بیان بازی کا نوٹس لیتے ہوئے کابینہ ارکان کو ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیان بازی سے مکمل طور پر گریز کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مرکوز ہے، حکومت معاشی استحکام سے پائیدار معاشی ترقی کی جانب اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ الحمدللہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح اور سفارتی محاذ پر بھی اللہ تعالیٰ نے متعدد اہم کامیابیوں سے نوازا ہے، جبکہ وفاقی حکومت نے ہمیشہ تعمیر و ترقی کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔
وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے تمام وزراء کو ہدایت کی کہ ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیان بازی سے گریز کیا جائے اور کابینہ کے اراکین کے درمیان معاملات افہام و تفہیم اور اتفاق رائے سے آگے بڑھائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے منفی تاثر پیدا ہوتا ہے اور تعمیر و ترقی کی سیاست سے توجہ ہٹتی ہے۔ وفاقی کابینہ کے وزراء اچھا کام کر رہے ہیں، انہیں اپنی تمام تر توجہ عوامی خدمت، تعمیر و ترقی اور ملکی مفاد پر مرکوز رکھنی چاہیے۔
وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی ایسی بیان بازی سے گریز اور مثبت بات چیت کو فروغ دینے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واضح کیا کہ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی مکمل طور پر بند ہونی چاہیے، ہم سب کا فرض ہے کہ سیاسی استحکام کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔