وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کے دورۂ بھارت کے دوران ایک صحافی سے ہونے والی گفتگو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی۔ پاکستانی وزیر کے شائستہ انداز نے متعدد بھارتی صارفین کو بھی متاثر کیا۔
دورے کے دوران ایک بھارتی صحافی نے دہشت گردی سے متعلق سوال کرتے ہوئے بلند آواز میں بات کرنا شروع کردی، جس پر مصدق ملک نے ناراضی کا اظہار کرنے کے بجائے نہایت پرسکون انداز میں انہیں مخاطب کیا اور کہا کہ آپ کو ہر سوال پوچھنے کا حق ہے لیکن اونچی آواز میں بات کرنے کی ضرورت نہیں۔
وفاقی وزیر نے دہشت گردی کو پورے خطے کا مشترکہ مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس موضوع پر الزامات کے بجائے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر گفتگو ہونی چاہیے۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ خطے کے تمام ممالک اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے مل کر کوشش کریں۔
گفتگو کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی مختلف ردعمل دیکھنے میں آئے۔ متعدد افراد نے صحافی کے انداز کو غیر مناسب قرار دیا جبکہ پاکستانی وزیر کی بردباری اور گفتگو کے مہذب طریقے کو سراہا۔