ڈس انفارمیشن کے خاتمے کے لیے آزادی اظہار اور غلط معلومات میں فرق ضروری ہے، اعظم نذیر تارڑ

image

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ڈس انفارمیشن کے تدارک کے لیے آزادی اظہار اور غلط معلومات کے درمیان فرق کو سمجھنا ناگزیر ہے جبکہ ڈیجیٹل دور میں معلومات کی درستگی یقینی بنانے کے لیے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔

اسلام آباد میں سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹیٹیوٹ (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ڈیجیٹل دنیا میں آزادی اظہار کے ساتھ ذمہ داری اور قانون کی پاسداری کو بھی برقرار رکھنا ہوگا۔

وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ ماضی میں اخبارات میں خبر یا مضمون شائع ہونے سے قبل مختلف سطحوں پر جانچ پڑتال اور چیک اینڈ بیلنس کا مؤثر نظام موجود تھا، تاہم ڈیجیٹل میڈیا نے معلومات کی ترسیل کو انتہائی تیز کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں غیر ارادی طور پر غلط یا گمراہ کن معلومات بھی چند سیکنڈز میں بڑے پیمانے پر پھیل سکتی ہیں، اس لیے معلومات کی تصدیق اور ذمہ دارانہ اظہارِ رائے پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گیا ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے زور دیا کہ ڈس انفارمیشن کے سدباب کے لیے ریاست، میڈیا، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور شہریوں سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US