اسلام آباد: فیض آباد کے قریب آئل ٹینکر الٹ گیا، بڑی مقدار میں فیول سڑک پر بہہ گیا

image

اسلام آباد کے علاقے فیض آباد میں آئی جی پی روڈ کے قریب آئل ٹینکر الٹنے سے بڑی مقدار میں فیول سڑک پر بہہ گیا، جس کے باعث آگ لگنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق آئل ٹینکر فیض آباد سے کرنل شیر خان روڈ کی جانب جانے والے لوپ پر الٹا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی کیپیٹل ایمرجنسی سروس کا فائر ٹینڈر اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

ریسکیو حکام نے حفاظتی اقدامات کے تحت متاثرہ علاقے کو کارڈن آف کر دیا جبکہ ایکسپریس وے پر فیض آباد سے کرنل شیر خان روڈ کی جانب جانے والا لوپ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

پولیس بھی موقع پر موجود ہے جبکہ سی ڈی اے انوائرمنٹ کے عملے کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ سڑک پر بہنے والے فیول پر کیمیکل کا چھڑکاؤ شروع کر دیا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ آتشزدگی سے بچا جا سکے۔

آئل ٹینکر الٹنے کے باعث متاثرہ لوپ پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔ ریسکیو اور متعلقہ اداروں کی جانب سے صورتحال پر قابو پانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US