وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن محمد امین نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان سیاحت، کھیل، صحت، تجارت، افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان براہ راست فضائی رابطوں کے آغاز، سیاحت کے فروغ اور عوامی روابط بڑھانے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن محمد امین نے اسلام آباد کے جدید انفراسٹرکچر، صفائی کے مؤثر نظام، تیز رفتار ترقی، خوبصورتی اور قدرتی مناظر کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد حقیقی معنوں میں ٹورازم کیپٹل سٹی بننے کے بھرپور مواقع رکھتا ہے۔
ملاقات میں بتایا گیا کہ مالدیپ کی قومی ایئرلائن جلد پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز کرے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ براہ راست پروازوں سے پاکستانی شہریوں کے لیے مالدیپ کا سفر مزید آسان ہوگا، جبکہ پاکستانی عوام سیاحت میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور براہ راست فضائی رابطے سے مالدیپ آنے والے پاکستانی سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
مالدیپ کے وزیر سیاحت نے بتایا کہ پہلی براہ راست پرواز کے ذریعے معروف پاکستانی کرکٹرز، فنکاروں اور دیگر معروف شخصیات کو مالدیپ لے جانے کا بھی منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سلیبریٹیز مالدیپ میں بے حد مقبول ہیں اور ان کی آمد سے سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔
ملاقات میں کرکٹ کے شعبے میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔ محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مالدیپ میں کرکٹ اسٹیڈیم کے قیام کے مجوزہ منصوبے پر کام کر رہا ہے۔ اسٹیڈیم کے ساتھ کرکٹ اکیڈمی بھی قائم کی جائے گی، جہاں مالدیپ کے نوجوانوں کو کرکٹ کی تربیت کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مالدیپ کے اپنے ہم منصب کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مالدیپ کے وزیر داخلہ کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔
مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن نے کہا کہ مالدیپ کو افرادی قوت کی ضرورت ہے اور پاکستان سے ہنرمند افرادی قوت کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سے تعمیراتی سامان، ادویات اور دیگر اشیاء کی درآمد کے بھی وسیع مواقع موجود ہیں۔
ملاقات میں مالدیپ کے ہائی کمشنر اور چیف کمشنر اسلام آباد بھی موجود تھے۔