کراچی ایڈمن سوسائٹی کے بلاک 4 میں منہدم ہونے والی چھ منزلہ عمارت کے حوالے سے یونین کمیٹی نمبر 3 چنیسر ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے مالکان کو جاری کیے گئے وارننگ لیٹرز کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
دستاویزات کے مطابق یو سی انتظامیہ نے پلاٹ نمبر سی 163 پر بغیر اجازت جاری تعمیراتی کام روکنے کے لیے مالکان محمد عبداللہ شکیل اور بلال شکیل کو 24 اپریل کو دو نوٹسز جبکہ 6 مئی 2026 کو حتمی نوٹس جاری کیا تھا۔
ان تمام مراسلوں کی نقول بروقت کارروائی کے لیے ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے)، ڈپٹی کمشنر شرقی، اسسٹنٹ کمشنر فیروزآباد، ڈائریکٹر لینڈ چنیسر ٹاؤن اور ایس ایچ او ٹیپو سلطان کو بھی ارسال کی گئی تھیں، تاہم کسی بھی متعلقہ ادارے کی جانب سے اس غیر قانونی تعمیر کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق رہائشی پلاٹ پر منظور شدہ نقشے کی مبینہ خلاف ورزی کرتے ہوئے چھ منزلہ عمارت تعمیر کردی گئی۔ عمارت کا نقشہ بیسمنٹ، گراؤنڈ اور پہلی منزل تک منظور تھا، تاہم مبینہ طور پر ایس بی سی اے افسران کی سرپرستی میں گراؤنڈ پلس 6 منزلیں تعمیر کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق 10 مارچ 2026 کو منظور ہونے والے نقشے کے صرف 8 ماہ بعد عمارت مکمل کرلی گئی۔
دوسری جانب عمارت گرنے کے اس واقعے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ ملبے تلے مزید افراد اور گاڑیوں کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں اور حفاظتی اقدامات کے پیش نظر عمارت کے تمام یوٹیلیٹی کنکشنز منقطع کیے جا رہے ہیں۔