پاک فوج نے پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کی تاریخی لانچنگ کو قومی سائنسی اور تکنیکی ترقی میں ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سروسز چیفس اور جنرل عامر رضا نے اس تاریخی کامیابی پر قوم، سپارکو اور پاکستانی سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی پاکستان کے پہلے خلا باز اور چینی خلائی اسٹیشن کا سفر کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہیں، ان کا یہ سفر پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق مسلح افواج نے اس اہم کامیابی میں کردار ادا کرنے والے سپارکو کے سائنسدانوں، انجینئرز اور تکنیکی ماہرین کی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے، جبکہ اس مشن میں چین کی قیادت، حکومت اور عوام کے تعاون کو بھی قابل ستائش قرار دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی نے زمینی سرحدوں سے آگے خلا تک نئی بلندیوں کو چھو لیا ہے۔ اس مشن میں پاکستان کی شمولیت ملکی انسانی وسائل، سائنسی مہارت اور تکنیکی استعداد کا واضح ثبوت ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ یہ تاریخی کامیابی آنے والی نسلوں کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں آگے بڑھنے کا ذریعہ بنے گی۔ مسلح افواج نے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کے لیے کامیاب خلائی سفر اور بحفاظت واپسی کی نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا ہے۔