’مٹی دے باوے‘ میں ’پنجاب کے رابن ہڈ‘ کا ذکر: جھوٹے الزام میں قید کاٹنے کے بعد دولت لوٹ کر لوگوں میں تقسیم کرنے والا جگا ڈاکو

پاکستانی ڈرامے ’مٹی دے باوے‘کی مصنف فائزہ افتخار کے مطابق انگریزوں نے جگا جٹ کو ڈاکو قرار دیا تھا، تاہم وہ دراصل برطانوی استعمار کے خلاف مزاحمت کرنا چاہتے تھے، اسی لیے انھوں نے بندوق اٹھائی تھی۔ ان کے بقول جگا جٹ خود بھی زیادتی اور ناانصافی کا شکار ہوئے تھے۔

پاکستانی نجی پروڈکشن کمپنی کے مقبول ڈرامے ’مٹی دے باوے‘ کی نویں قسط میں ناظرین کو پنجاب کے تاریخی کردار جگا جٹ کی یاد دلا گئی۔

اس قسط کے ایک منظر میں اداکار وہاج علی، جو ڈرامے میں اقبال چنن عرف بالا کا کردار ادا کر رہے ہیں، زندگی کے تلخ تجربات، محبت میں ناکامی، خاندانی صدمات اور اپنے بھائی کو کھونے کے بعد اپنی زندگی کا رخ بدلنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔ وہ ڈاکوؤں کے ایک گروہ میں شامل ہو جاتے ہیں اور بندوق اٹھا لیتے ہیں۔

تاہم بالا اپنے ساتھیوں کے سامنے کچھ اصول بھی رکھتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ کسی کی بارات کو نہیں لوٹا جائے گا، کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کی وجہ سے کسی کی بہن روتی ہوئی اپنے گھر واپس جائے۔ اسی طرح وہ عورتوں اور بچوں کو نشانہ بنانے کے بھی خلاف ہیں۔

اسی دوران پس منظر میں معروف پنجابی لوک گیت گونجتا ہے

’جگا جمیا تے ملن ودھائیاں، تے وڈا ہو کے ڈاکے ماردا‘

(جگا پیدا ہوا تو مبارک بادیں دی گئیں، لیکن بڑا ہو کر وہ ڈاکے مارنے لگا)

یہ گیت سنتے ہی بہت سے ناظرین کو یاد آیا کہ یہ جگا جٹ کے بارے میں گایا جانے والا ایک معروف لوک گیت ہے۔

برطانوی دورِ حکومت میں انھیں ڈاکو اور مفرور قرار دیا گیا تھا اور بعض روایات میں ان کے سر کی قیمت ایک لاکھ روپے مقرر کیے جانے کا ذکر بھی ملتا ہے۔

تاہم پاکستان اور انڈیا کے پنجاب میں انھیں ایک ایسے باغی کردار کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جس نے برطانوی حکومت کے خلاف مزاحمت کی۔ بہت سے لوگ اور بعض مورخ انھیں آزادی کی جدوجہد کا ہیرو بھی قرار دیتے ہیں۔

بعض ناظرین نے یہ سمجھا کہ ڈرامہ جگا جٹ سے متاثر ہو کر لکھا گیا ہے، لیکن حقیقت میں ایسا نہیں۔ اس ڈرامے میں یہ لوک گیت صرف منظر کی مناسبت سے شامل کیا گیا تھا۔

ڈرامے کی مصنفہ فائزہ افتخار نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ ’مٹی دے باوے‘ کی کہانی جگا جٹ سے متاثر ہو کر نہیں لکھی گئی۔

ان کے مطابق یہ ڈرامہ 1980 اور 1990 کی دہائیوں میں دیہی پنجاب میں پیش آنے والے واقعات سے متاثر ہو کر لکھا گیا ہے۔ ان واقعات میں ایسے کمزور اور محروم طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کی کہانیاں شامل ہیں جو بلیک میلنگ، سماجی دباؤ اور مجبوریوں کے باعث جرائم کی دنیا میں داخل ہو گئے تھے۔

فائزہ افتخار کے مطابق انگریزوں نے جگا جٹ کو ڈاکو قرار دیا تھا، تاہم وہ دراصل برطانوی استعمار کے خلاف مزاحمت کرنا چاہتے تھے، اسی لیے انھوں نے بندوق اٹھائی تھی۔ ان کے بقول جگا جٹ خود بھی زیادتی اور ناانصافی کا شکار ہوئے تھے۔

انھوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ڈرامے میں شامل لوک گیت دراصل جگا جٹ کے بارے میں ہے اور اسے بالا کے ڈاکو بننے والے منظر کی مناسبت سے شامل کیا گیا تھا۔

یونیورسٹی آف ویانا کے تحقیقی مقالے میں جگت سنگھ عرف جگا جٹ کا ذکر

آسٹریا کی یونیورسٹی آف ویانا میں انوبھو بنرجی نے 2023 میں ایک تحقیقی مقالہ تحریر کیا، جس میں آزادی کے بعد انڈیا میں سیاسی بالادستی، طاقت، شناخت اور جرائم کے باہمی تعلق کا جائزہ لیا گیا ہے۔

یہ مقالہ بنیادی طور پر انڈیا میں ریاستی طاقت، سیاسی اقتدار، قومی شناخت، جرائم اور ریاست مخالف گروہوں کی تاریخی حیثیت کا مطالعہ کرتا ہے۔

مصنف نے اس میں ڈاکوؤں، باغیوں اور غیر ریاستی مسلح گروہوں کا ذکر کرتے ہوئے یہ سمجھانے کی کوشش کی ہے کہ ریاست اپنے مخالفین کو کس طرح مجرم یا باغی قرار دیتی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ان گروہوں کی عوامی شناخت کس طرح تبدیل ہوتی ہے۔ اس مقالے میں جگا جٹ کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

مصنف کے مطابق جگا جٹ، جو جگا ڈاکو کے نام سے بھی مشہور تھے، بیسویں صدی کے پنجاب کا ایک باغی کردار تھا۔ انھوں نے برطانوی دورِ حکومت میں ڈاکو کی حیثیت سے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔

مقالے میں بتایا گیا ہے کہ مقامی دشمنیوں کے باعث انھیں حکام سے بچنے اور مبینہ طور پر جھوٹے مقدمات کا سامنا کرنا پڑا۔

مقالے میں جگا کو ’پنجاب کا رابن ہڈ‘ قرار دیا گیا ہے۔ اس کی وجہ یہ بیان کی گئی ہے کہ ان کی ڈکیتیوں کا ہدف دولت مند اور بااثر طبقہ اور برطانوی نوآبادیاتی حکومت تھی۔ اسی لیے عوامی روایات میں ان کی شخصیت ایک ایسے باغی کے طور پر سامنے آئی جس نے طاقتور طبقے اور برطانوی حکومت کو چیلنج کیا۔

مصنف کے مطابق جگا کی لڑائیاں اور علاقائی شخصیات کے ساتھ ان کے تنازعات طویل عرصے سے پاکستان اور انڈیا، دونوں کے پنجابی لوک قصوں اور داستانوں کا حصہ بن چکے ہیں۔ انھیں ایک ایسے ڈاکو کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جسے عوامی روایات میں غریبوں کا خیرخوا، برطانوی حکومت کے خلاف مزاحمت کرنے والا بہادر باغی اور ایک المیہ کردار سمجھا جاتا ہے۔

جگا جٹ کی زندگی اور موت سے جڑے واقعات نے پنجاب کی لوک موسیقی اور عوامی داستانوں میں مستقل جگہ بنا لی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جگا محض ایک تاریخی ڈاکو نہیں بلکہ پنجاب کی اجتماعی یادداشت اور لوک ثقافت کا بھی حصہ بن چکے ہیں۔

منتوں مرادوں سے پیدا ہونے والا بچہ

قصور سے تعلق رکھنے والے صحافی اور تاریخ دان ڈاکٹر وقاص احمد خان کے مطابق جگا جٹ کا اصل نام جگت سنگھ تھا۔ ان کی پیدائش 1901 یا 1902 میں اُس وقت کے ضلع لاہور کے علاقے چونیاں کے گاؤں برج رن سنگھ والا میں ہوئی تھی، جو اب پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع قصور کی تحصیل چونیاں میں واقع ہے۔

ضلع قصور 1976 میں ضلع لاہور سے الگ کر کے ایک مستقل ضلع بنایا گیا تھا۔

ڈاکٹر وقاص احمد خان کے مطابق جگا جٹ کی پیدائش علاقے کے ایک زمیندار مکھن سنگھ کے گھر میں ہوئی تھی، جن کے پاس تقریباً 10 مربع، یعنی 250 ایکڑ زرعی زمین تھی، جو بعد میں جگا جٹ کو وراثت میں ملی۔ ان کی والدہ کا نام بھاگن یا بھاگا بتایا جاتا ہے۔

نسل در نسل منتقل ہونے والی روایات کے مطابق جگا جٹ کی پیدائش سے قبل ان کے والدین کے چھ بچے پیدا ہوئے تھے، لیکن ان میں سے کوئی بھی زندہ نہ بچ سکا۔ اس صورتِ حال میں ان کے والد نے بزرگ اندر سنگھ سے رجوع کیا۔ بزرگ نے انھیں مشورہ دیا کہ اگلی اولاد کی پیدائش سے پہلے ایک بکرا خریدیں اور اسے نومولود بچے کے پاس لے جائیں تاکہ وہ اسے چُھو لے۔ روایت کے مطابق جب جگا جٹ پیدا ہوئے تو بکرا مر گیا، جبکہ بچہ زندہ رہا۔

ڈاکٹر وقاص احمد خان کے مطابق بزرگ نے بچے کا نام حرف ’ج‘ سے نہ رکھنے کی بھی تاکید کی تھی، لیکن ان کے چچا روپ سنگھ نے ان کا نام جگت سنگھ رکھ دیا۔ جگا جٹ اپنے دوست سوہن تیلی کے ساتھ گاؤں کے اکھاڑے میں کشتی کی مشق کیا کرتے تھے۔ ان کے والد کی وفات ان کے بچپن ہی میں ہو گئی تھی۔

جگا کی شادی ضلع قصور کے قریبی گاؤں تلونڈی کی رہائشی اندر کور سے ہوئی تھی۔ ان کے ہاں ایک بیٹی پیدا ہوئی، جس کا نام گلاب کور رکھا گیا، تاہم گھر میں اسے پیار سے گابو کہا جاتا تھا۔

تقسیمِ ہند کے بعد جگا جٹ کی اہلیہ، بیٹی اور خاندان کے دیگر قریبی افراد انڈین پنجاب کے ضلع سری مکتسر صاحب کے گاؤں بنوالا انو میں آباد ہو گئے تھے۔

جگا جٹ کی اہلیہ کی وفات 1983 میں ہوئی، جبکہ ان کی بیٹی گلاب کور عرف گابو نے بھی اسی علاقے میں زندگی گزاری اور 2018 میں ان کی وفات ہو گئی۔

گلاب کور نے 2012 میں صحافی گرسِوک سنگھ پریت کو ایک انٹرویو دیا تھا جس میں انھوں نے بتایا کہ ان کے والد کا اصل نام جگت سنگھ تھا اور ان کا آبائی گاؤں تھانہ و تحصیل چونیاں، ضلع لاہور میں واقع تھا، جو اب پاکستان کا حصہ ہے۔

ان کے مطابق ان کے والد سے پہلے ان کے دادا دادی کے چھ بچے وفات پا چکے تھے۔

پاکستان اور انڈیا میں مشہور لوک گیتوں میں جگا جٹ کا ذکر

جگا جٹ کے بارے میں متعدد لوک گیت کہے گئے ہیں، جو آج بھی پاکستان اور انڈیا کے دیہی علاقوں میں مقبول ہیں۔ ان میں ’جگا جمیا فجر دی بانگے‘ (جگا فجر کی اذان کے وقت پیدا ہوا)، ’جگے ماریا لائل پور ڈاکا‘ (جگے نے لائل پور میں ڈاکا ڈالا) اور ’جگا وڑھیا بوہڑ دی چھاویں‘ (جگا بوہڑ کے درخت کے سائے میں داخل ہوا) جیسے گیت شامل ہیں۔ ان گیتوں کو پاکستان اور انڈیا کے کئی معروف گلوکاروں نے بھی اپنی آواز دی ہے۔

ان گلوکاروں میں عارف لوہار، گُرداس مان، کلدیپ مانک، جگموہن کور، رنجیت باوا، فضل جٹ، شوکت علی، مہناز اور ابرار الحق سمیت کئی دیگر فنکار شامل ہیں۔

انڈین پنجاب کے سیاست دان، سابق وزیر اور پنجابی زبان کے لکھاری ہارنیک سنگھ نے اپنی کتاب ’اُٹھ گئے گوانڈوں یار ہے‘ میں بھی جگا جٹ کا ذکر کیا ہے۔

ہارنیک سنگھ لکھتے ہیں کہ سردیوں کے دن تھے اور وہ شیخوپورہ سے لاہور جا رہے تھے۔ ان کے ساتھ گاڑی میں ارشد وِرک بھی موجود تھے۔ راستے میں ارشد وِرک نے گاڑی کا سٹیریو چلایا اور ایک کیسٹ لگا دی۔ اس کیسٹ میں جگا جٹ کے بارے میں ٹپے گائے جا رہے تھے۔

گیت کے ابتدائی بول کچھ یوں تھے:

’جگا جمیا فجر دی بانگے، لونڈے ویلے کھیڈدا پھرے۔‘

(جگا فجر کی اذان کے وقت پیدا ہوا اور دن چڑھنے تک کھیلنے لگا۔)

اس کے بعد دوسرا ٹپہ تھا:

’جگا جمیا تے ملن ودھائیاں، وڈا ہو کے ڈاکے ماردا۔‘

(جگا کی پیدائش پر مبارک بادیں دی گئیں، مگر بڑا ہو کر وہ ڈاکے مارنے لگا۔)

ہارنیک سنگھ کے مطابق یہ گیت سن کر انھوں نے ارشد وِرک سے کہا ’یار، یہ جگا تو ہمارا ہے؟‘

ارشد وِرک نے ہنستے ہوئے جواب دیا ’نہیں سردار صاحب، اتنی زیادتی نہ کریں۔ جگا بھی آپ کا اور کشمیر بھی آپ کا، پھر ہمارے حصے میں کیا رہ جائے گا؟‘

اسی گفتگو میں نوید وڑائچ بھی شامل ہو گئے۔ انھوں نے کہا ’دیکھیں سردار صاحب، نہ جگا انڈیا کا ہے اور نہ پاکستان کا۔ جگا تو پنجاب کا ہے۔ وہ پنجاب کا ایک مشہور کردار ہے۔‘

ہارنیک سنگھ کے مطابق یہ ٹپے پاکستان کے معروف پنجابی گلوکار شوکت علی نے گائے تھے۔

انھیں سب سے زیادہ حیرت اس بات پر ہوئی کہ جس جگا جٹ کو وہ اپنے بچپن سے جانتے تھے، وہ پاکستان میں بھی اتنا ہی مقبول تھا۔ ان کے بقول پاکستان میں اس کے گیتوں اور کردار کی مقبولیت انھیں اپنے علاقے سے بھی زیادہ محسوس ہوئی۔ اسی کے بعد انھوں نے جگا کے آبائی گاؤں کی تلاش شروع کی۔

ہارنیک سنگھ لکھتے ہیں کہ اس واقعے کے بعد ان کے اندر جگا جٹ کی زندگی اور آبائی گاؤں کے بارے میں جاننے کا تجسس پیدا ہوا۔ انھوں نے پاکستان اور انڈیا، دونوں جانب متعدد لوگوں سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی، مگر کوئی واضح سراغ نہ مل سکا۔

بعد ازاں انھوں نے جگا کے لائل پور کے ڈاکے سے متعلق مشہور ٹپے کو اپنی تحقیق کی بنیاد بنایا:

’جگے ماریا لائل پور ڈاکا، تاراں کھڑک گئیاں۔‘

اس سے انھیں اندازہ ہوا کہ جگا کا تعلق پنجاب کے اس حصے سے تھا جو آج پاکستان میں واقع ہے۔

ہارنیک سنگھ کے مطابق کچھ عرصے بعد ان کی ملاقات جتھے دار ہری سنگھ وِرک سے ہوئی۔ ہری سنگھ وِرک نے انھیں جگا کے آبائی گاؤں کا سراغ دیا، جس کی مدد سے وہ برج رن سنگھ والا، تحصیل چونیاں تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔

اس کے بعد ان کی تحقیق آگے بڑھتی گئی اور وہ مختلف شواہد اور روایات کو جوڑ کر جگا جٹ کی زندگی کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

’تجھے اس کا نام جگت سنگھ رکھنے کا کس نے کہا تھا؟‘

ہارنیک سنگھ اپنی کتاب میں لکھتے ہیں کہ جب جگا کچھ بڑے ہوئے تو کبھی کبھار شوقیہ اپنے دوستوں کے ساتھ مویشی چرانے چلے جاتے تھے۔ تاہم ان کے چچا انھیں زیادہ محنت مشقت نہیں کرنے دیتے تھے۔

ایک روز جگا جٹ اپنے دوستوں کے ساتھ مویشی چرا رہے تھے۔ وہ اپنے رشتہ دار چچا اندر سنگھ کے کھیت سے گنے توڑ لائے تاکہ دوستوں کے ساتھ مل کر کھا سکیں۔ اس پر اندر سنگھ نے انھیں پیٹا۔ جگا جٹ نے بھی اس کا جواب دینے کا فیصلہ کیا۔ رات کو انھوں نے اندر سنگھ کے کنویں کا بیڑ توڑ دیا اور اس کے ٹکڑے کنویں میں پھینک دیے۔

جب اندر سنگھ نے تھانے جانے کی بات کی تو خاندان کے دوسرے افراد نے ان سے کہا ’تجھے اس کا نام جگت سنگھ رکھنے کا کس نے کہا تھا؟‘

ہارنیک سنگھ کے مطابق جوانی کی دہلیز پر قدم رکھتے ہی جگا نے اکھاڑوں میں کشتی لڑنا شروع کر دی۔ اسی گاؤں کا ایک تیلی نوجوان، سوہن، بھی ان کے ساتھ اکھاڑے میں جاتا تھا۔ سوہن تیلی نے زندگی بھر جگا جٹ کے ساتھ دوستی نبھائی۔

ہارنیک سنگھ لکھتے ہیں کہ برطانوی دورِ حکومت میں ہر اس نوجوان پر نظر رکھی جاتی تھی جس میں غیر معمولی صلاحیت یا آزاد مزاجی پائی جاتی تھی۔ مقامی اقتدار کا مرکز پٹواری، نمبردار، تھانے دار اور علاقے کے بااثر افراد ہوتے تھے۔ عام لوگوں کو ان کے سامنے سر جھکانا پڑتا تھا، لیکن جگا جٹ اس طرزِ عمل کو قبول کرنے پر آمادہ نہیں تھے۔

وہ ایک واقعہ بیان کرتے ہیں کہ ایک مرتبہ جگا جٹ گاؤں کے پٹواری کے پاس زمین کی فرد لینے گئے۔ انھوں نے نہ پٹواری کو سلام کیا اور نہ ہی کوئی فیس ادا کی۔ پٹواری کے لیے یہ بات اپنی توہین کے مترادف تھی۔ بات بڑھتے بڑھتے تلخ کلامی تک جا پہنچی اور جگا جٹ نے پٹواری کو گرا کر پیٹ دیا۔ آخرکار پٹواری کو فرد بھی جاری کرنا پڑی اور منت سماجت کر کے جان بھی چھڑانی پڑی۔

ہارنیک سنگھ کے مطابق تلونڈی اور برج رن سنگھ والا کے درمیان کچے پل واقع تھے۔ علاقے کا نکئی خاندان بہت بااثر اور سخت مزاج سمجھا جاتا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس خاندان کا تعلق مہاراجہ رنجیت سنگھ کے سسرالی خاندان سے تھا۔ ان کی اجازت کے بغیر کوئی شخص ان پلوں سے گزر نہیں سکتا تھا۔

ایک مرتبہ جگا گھوڑی پر سوار ہو کر ان پلوں سے گزر رہے تھے کہ نکئی خاندان کے ایک شخص نے ان کی گھوڑی کی پشت پر ڈنڈا مار دیا۔ گھوڑی جگا جٹ سمیت زمین پر گر پڑی۔ دوسری جانب نکئی خاندان کے چار یا پانچ افراد تھے، جبکہ جگا جٹ اکیلے تھے۔ اس کے باوجود انھوں نے اپنی چھڑی کے ساتھ ان کا مقابلہ کیا اور کئی افراد کو زخمی کر دیا۔

مصنف کے مطابق اس واقعے کے بعد نکئی خاندان کے افراد اس قدر خوف زدہ ہوئے کہ بعد میں علاقہ چھوڑ کر لاہور جا بسے۔

گلاب کور نے بھی اپنے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ان کے والد کا ایک مقامی زمیندار کے ساتھ تنازع پیدا ہو گیا تھا۔

زمیندار سے تنازع اور چار سال قید

ڈاکٹر وقاص احمد خان بتاتے ہیں کہ علاقے میں جگا جٹ کا نام اور اثر و رسوخ بڑھنے لگا تھا۔ وہ ایک انسان دوست شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے اور غریب لوگوں کی مدد کیا کرتے تھے، جس کی وجہ سے علاقے میں انھیں خاصی پذیرائی حاصل ہوئی۔ تاہم مقامی بااثر زمینداروں اور برطانوی حکام کو یہ صورتِ حال پسند نہیں تھی، اور ان کے بقول اسی وجہ سے جگا جٹ کے خلاف مختلف سازشیں کی گئیں۔

ان کا کہنا ہے کہ جگا جٹ کو چوری کی ایک واردات میں ناجائز طور پر ملوث کیا گیا اور انھیں کم از کم چار برس جیل میں گزارنا پڑے۔

ڈاکٹر وقاص احمد خان کے مطابق چوری کا الزام اور قید بھی جگا جٹ کی مقبولیت کم نہ کر سکے۔ مقامی بااثر زمیندار اور برطانوی حکام انھیں اپنے اثر و رسوخ کے لیے ایک چیلنج سمجھتے تھے۔

ہارنیک سنگھ کے مطابق جب جگا جٹ اپنی سزا مکمل کر کے واپس آئے تو انہی دنوں ایک اور چوری کی واردات پیش آ گئی۔ یہ علاقہ کچی کوٹھی تھانے کی حدود میں آتا تھا، جہاں اس وقت اصغر علی نامی ایک سخت مزاج تھانے دار تعینات تھے۔

مصنف کے مطابق زمیندار اور تھانے دار، دونوں کے لیے یہ ایک موقع تھا کہ جگا کو دوبارہ مشکل میں ڈالا جائے۔ تھانے دار نے انھیں پیغام بھیجا کہ وہ تھانے میں پیش ہوں، لیکن جگا جٹ نے انکار کر دیا اور مفرور ہو گئے۔

جب جگا ڈاکو نے لوٹا گیا سونا لوگوں میں تقسیم کر دیا

ڈاکٹر وقاص احمد خان کے مطابق تھانے دار کے سامنے پیش نہ ہونے کے بعد جگا جٹ کی زندگی نے نیا رخ اختیار کر لیا۔ انھوں نے اپنا ایک گروہ بھی بنا لیا تھا۔ وہ امیر اور بااثر افراد کو نشانہ بناتے تھے، خصوصاً ایسے لوگوں کو جن سے مقامی غریب اور عام لوگ نالاں تھے۔ اسی وجہ سے وہ علاقے میں زیادہ مشہور ہوتے گئے اور ان کے حامیوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتا گیا۔

ڈاکٹر وقاص احمد خان کے مطابق جگا جٹ غریب لوگوں کے قرضے معاف کروانے میں بھی کردار ادا کرتے تھے۔ وہ ساہوکاروں سے غریبوں کے ذمہ واجب الادا قرض ختم کروا دیتے تھے۔

ہارنیک سنگھ لکھتے ہیں کہ مفرور ہونے کے بعد جگا جٹ نے سب سے پہلے ایک سپاہی کی بندوق چھینی، جبکہ دوسری بندوق انھوں نے ایک مقامی شخص آتما سنگھ اچرکے سے حاصل کی۔

ان کی پہلی بڑی ڈکیتی ایک صراف کے گھر پر تھی۔ یہ خاندان زیورات کے کاروبار کے ساتھ ساتھ لوگوں کو سود پر قرض بھی دیتے تھے۔ اس واردات میں جگا کے ساتھ جھندا سنگھ نرمل اور ٹھاکر سنگھ منڈیالی بھی شامل تھے۔ انھوں نے صرافوں کا سونا لوٹا اور لوگوں کے قرضوں کا ریکارڈ رکھنے والے رجسٹروں کو آگ لگا دی۔ بعد ازاں جھندا سنگھ کے ڈیرے پر بیٹھ کر لوٹا گیا سونا تقسیم کیا گیا۔

اس کے بعد جگا جٹ نے اپنا الگ گروہ قائم کر لیا۔ اس گروہ میں بنٹا سنگھ، سوہن تیلی، لالو نائی، بھولو اور باوا شامل تھے۔

مصنف کے مطابق لالو نائی کھانا پکانے میں مہارت رکھتا تھا۔ جب باقی ساتھی سو جاتے تو وہ بندوق ہاتھ میں لے کر پہرہ دیتا تھا۔

ہارنیک سنگھ کے مطابق جگا جٹ کا ایک بھتیجا، ٹھاکر سنگھ، ڈی ایس پی قصور کے دفتر میں ریڈر تھا۔ ایک مرتبہ ڈی ایس پی نے ٹھاکر سنگھ سے کہا کہ وہ جگا کو پیش ہونے پر آمادہ کرے۔ اس پر جگا نے اپنے بھتیجے سے کہا کہ پہلے میری ایک خواہش پوری کرو اور میرا مقابلہ ڈی ایس پی قصور سے کروا دو۔ اس صورتِ حال میں ٹھاکر سنگھ مشکل میں پڑ گئے، کیونکہ ایک طرف ان کا افسر تھا اور دوسری طرف ان کے چچا۔

مصنف کے مطابق جگا جس گاؤں میں جاتا، وہاں جانے سے پہلے پولیس کو پیغام بھجوا دیتا تھا کہ اگر اسے گرفتار کرنا ہے تو آ کر گرفتار کر لیں، لیکن بعد میں گاؤں کے لوگوں کو تنگ نہ کیا جائے۔

ہارنیک سنگھ لکھتے ہیں کہ ان دنوں علاقے کی پولیس اس قدر خوف زدہ تھی کہ اہلکار دروازوں پر تالے اور کنڈیاں لگا کر سوتے تھے۔ انھیں یہ خدشہ رہتا تھا کہ کہیں جگا آ کر ان کے ہتھیار نہ لے جائے۔ یہاں تک کہ تھانے دار اصغر علی نے اپنی حفاظت کے لیے اپنے گھر میں دو دروازے لگوا لیے تھے۔

ہارنیک سنگھ کے مطابق جگا جٹ نے متعدد وارداتیں کیں، تاہم ان کے دو ڈاکے خاص طور پر مشہور ہوئے، جنھیں سائدپور اور لائل پور کے ڈاکوں کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

جگا جٹ کے سائدپور اور لائل پور کے ڈاکوں کی شہرت

جگا جٹ کی زندگی سے منسوب مشہور واقعات میں سائدپور اور لائل پور کے ڈاکوؤںکا خاص ذکر ملتا ہے۔ ان دونوں وارداتوں کی شہرت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ان پر پنجابی لوک گیت بھی تخلیق ہوئے، جو وقت گزرنے کے ساتھ جگا جٹ کی شناخت کا حصہ بن گئے۔

کتاب ’نِکّیاں پنجابی محبتیاں بولیاں‘ کے صفحہ 35 پر جگا جٹ سے منسوب ایک بول درج ہے:

’جگے ماریا سَیدپور ڈاکا، تاراں کھڑک گئیاں۔‘

اسی طرح لائل پور کے ڈاکے سے متعلق ایک اور معروف لوک گیت کے بول ہیں:

’جگے ماریا لائل پور ڈاکا، تے تاراں کھڑک گئیاں۔‘

روزنامہ دنیا میں 28 جون 2018 کو شائع ہونے والے اپنے مضمون ’رابن ہڈ اور جگا جٹ‘ میں جاوید حفیظ لکھتے ہیں کہ جگا جٹ کی سب سے مشہور واردات لائل پور میں ایک برطانوی ڈپٹی کمشنر کی رہائش گاہ پر ڈاکا ڈالنا تھی۔

ان کے مطابق جگا نے پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ سخت پہرے کے باوجود ڈپٹی کمشنر کے گھر میں داخل ہو کر ڈاکا ڈالیں گے۔ بعد ازاں وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ وہاں پہنچے، رہائش گاہ میں داخل ہوئے اور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

جاوید حفیظ کے مطابق اس واردات کی خبر تار کے ذریعے پورے ہندوستان میں پھیل گئی اور بعد ازاںبرطانیہ تک پہنچ گئی۔ ان کے بقول اسی واقعے کی طرف لوک گیت ’'جگے ماریا لائل پور ڈاکا، تے تاراں کھڑک گئیاں‘ میں بھی اشارہ کیا گیا ہے۔

لائل پور کے اس ڈاکے کا ذکر ہارنیک سنگھ کے مضمون ’جگّا ماریا بوہڑ دی چھاویں‘ میں بھی ملتا ہے۔ ہارنیک سنگھ کے مطابق اس واردات نے برطانوی حکومت کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔

وہ لکھتے ہیں کہ جگا جٹ کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنے کے دوران یہی لوک گیت ان کے لیے ایک اہم سراغ ثابت ہوا، جس کی مدد سے انھوں نے ان کی زندگی اور آبائی علاقے کے بارے میں مزید تحقیق کی۔

جگا جٹ اور ملنگی کی دوستی

ڈاکٹر وقاص احمد خان کے مطابق جگا جٹ کی موت کے بارے میں پنجابی زبان میں دو اہم تحریری روایات ملتی ہیں۔

پہلی ہارنیک سنگھ کا 2005 میں شائع ہونے والا مضمون ’جگّا ماریا بوہڑ دی چھاویں‘ ہے، جبکہ دوسری نور محمد نور کی 2024 میں شائع ہونے والی تحریر ’لوک نائیک: جگا سورما‘ ہے۔ ان دونوں تحریروں میں جگا جٹ کی موت سے متعلق واقعات کی تفصیلات میں معمولی اختلاف پایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اس واقعے سے متعلق مقامی سطح پر کئی زبانی روایات بھی موجود ہیں۔

ہارنیک سنگھ گھروان کے بیان کے مطابق ملنگی مسلمان تھا اور اس کا تعلق ایک فقیر گھرانے سے تھا۔ اس کی ہارنم سنگھ نامی ایک سکھ کسان کے ساتھ گہری دوستی تھی۔ دونوں غریب تھے اور مزدوری کرنے کے ساتھ ساتھ ٹھیکے پر زمین لے کر کاشت کاری بھی کرتے تھے۔

ایک روز ملنگی کی بہن گاؤں کے مشترکہ تنور پر روٹیاں پکا رہی تھی۔ اسی دوران ایک زمیندار کے ملازم وہاں پہنچے اور اسے حکم دیا کہ وہ پہلے ان کے مالک کے لیے روٹیاں پکائے۔ ملنگی کی بہن نے انکار کیا تو ملازموں نے اس کی چوٹی کھینچی اور اسے تھپڑ مار دیا۔

اسی دوران ملنگی اور ہارنم سنگھ وہاں پہنچ گئے۔ بات بڑھنے پر زمیندار کے آدمیوں نے ملنگی کے چھوٹے بھائی کو قتل کر دیا۔ اس کے بعد ملنگی اور ہارنم سنگھ پر بھی حملہ کیا گیا اور ان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کروا کر انھیں گرفتار کروا دیا گیا۔

ہارنیک سنگھ کے مطابق زمیندار کے آدمی ملنگی کی بہن کو بھی ہراساں کرتے رہے۔ بالآخر ملنگی اور ہارنم سنگھ حراست سے فرار ہونے میں کامیاب گئے اور زمیندار کے خاندان سے بدلہ لینے لگے۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں یہ کہاوت مشہور ہو گئی کہ دن کے وقت انگریزوں کی حکومت ہوتی ہے اور رات کو ملنگی کا راج۔

ہارنیک سنگھ لکھتے ہیں کہ بعد ازاں ایک شخص نے دھوکے سے دونوں کو بھنگ پلا دی اور پولیس کو ان کی موجودگی کی اطلاع دے دی۔ پولیس نے انھیں گھیر لیا اور ایک مقابلے میں دونوں مارے گئے۔

ملنگی کی موت کے بعد اس کی نابینا والدہ اکیلی رہ گئی۔ جگا جٹ ملنگی کا قریبی دوست تھا۔ ہارنیک سنگھ کے مطابق ایک روز جگا اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملنگی کی والدہ سے ملنے سائدپور پہنچا۔ وہاں اس نے ملنگی کی والدہ سے کہا ’ماں میریے، کہیں ہمارے یار ملنگی کی روح اس بات پر نہ تڑپتی رہے کہ اس کا کسی نے بدلہ نہیں لیا۔ آج سارے شکوے دور کر دیں گے۔‘

اس کے بعد جگا نے ملنگی کے ڈیرے پر کھانے کا انتظام کرنے کے لیے اپنے باورچی لالو نائی کو کہا۔ لالو نے اپنے پانچ بھائیوں کو بھی وہاں بلا لیا اور ان سے شراب لانے کو کہا۔

ہارنیک سنگھ کے بیان کے مطابق جگا اور اس کا ساتھی بنٹا سنگھ شراب پینے کے بعد ایک ہی چارپائی پر سو گئے، جبکہ ان کا تیسرا ساتھی سوہن تیلی شراب نہیں پیتا تھا۔ وہ قریب واقع ایک گاؤں میں اپنے ایک دوست سے ملنے چلا گیا۔ اس دوران لالو اور اس کے بھائی ڈیرے پر موجود رہے۔

جب جگا اور بنٹا سنگھ سو رہے تھے تو ان پر قریب سے دو گولیاں چلائی گئیں۔ اس کے بعد مزید فائرنگ کی گئی، جس سے دونوں ہلاک ہو گئے۔ فائرنگ کی آواز سن کر سوہن تیلی واپس آیا اور لالو پر حملہ کر دیا۔ اسی دوران لالو کے ایک بھائی نے سوہن تیلی کی کمر میں گولی مار دی، جس سے وہ بھی ہلاک ہو گیا۔

جگا جٹ کا قتل: بیٹی کی روایت

جگا جٹ کی بیٹی گلاب کور نے بھی اپنے والد کے قتل کا واقعہ تقریباً اسی انداز میں بیان کیا ہے۔ تاہم ان کی روایت میں ایک اہم فرق پایا جاتا ہے۔ ہارنیک سنگھ کے مطابق جگا کے ساتھ بنٹا سنگھ شراب پینے کے بعد سو گیا تھا، جبکہ سوہن تیلی وہاں سے چلا گیا تھا۔ اس کے برعکس گلاب کور کے مطابق جگا اور سوہن تیلی نے شراب پی تھی، جبکہ بنٹا سنگھ اپنے گاؤں چلا گیا تھا۔ فائرنگ کی آواز سن کر بنٹا سنگھ واپس آیا، جہاں اسے بھی قتل کر دیا گیا۔ سوہن تیلی بھی واپس آیا اور لالو سے مقابلے کے دوران مارا گیا۔

گلاب کور کے مطابق ان کے والد کے قتل کے تقریباً ایک ماہ بعد پولیس ان کی چند ذاتی اشیا گھر لے کر آئی تھی۔ ان میں ہاتھی دانت کے دستے والا چاقو، کنگھی، چاندی کی افیون دانی اور عطر کی شیشی شامل تھیں۔

انھوں نے بتایا کہ جب ان کے والد قتل ہوئے تو ان کی عمر تقریباً نو برس تھی۔ انھیں اپنے والد کی موت کی درست تاریخ یاد نہیں، تاہم ان کے مطابق یہ واقعہ پھگن کے مہینے کے آخری دنوں میں پیش آیا تھا اور ان کی آخری رسومات چیت کے پہلے دن ادا کی گئی تھیں۔

گلاب کور کے مطابق لالو نائی کو بعد میں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا تھا۔ ان کے بقول جیل میں دوسرے قیدیوں نے اسے اپنے ساتھی کے ساتھ غداری کے الزام میں مارا پیٹا، جس کے نتیجے میں وہ وہیں مر گیا۔

ہارنیک سنگھ بھی اپنے مضمون میں لالو نائی کو جگا جٹ کے قتل کی سازش میں شریک قرار دیتے ہیں۔ ان کے مطابق لالو نے جگا کی مخبری کی اور اس کے قتل میں کردار ادا کیا۔ اس کے بدلے اسے بڑی رقم، ایک مربع زمین اور ایک گھوڑا دیا گیا۔ ہارنیک سنگھ کے مطابق پولیس خود جگا کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہو رہی تھی، اس لیے اسے لالو کے ذریعے قتل کروایا گیا۔

ان کے بقول لالو کو بعد ازاں جیل بھیج دیا گیا، جہاں قیدیوں نے اسے مار مار کر ہلاک کر دیا۔

ڈاکٹر وقاص احمد خان کے مطابق قصور اور اس کے گردونواح میں آج بھی کسی شخص کی مخبری یا غداری کرنے پر اسے ’لالو نائی‘ کہہ دیا جاتا ہے۔ ان کے بقول یہ نام اسی واقعے کے باعث غداری کی علامت بن گیا۔

’والد کے بارے میں گمراہ کن تصورات پھیلائے گئے‘

گلاب کور نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ نو برس کی عمر میں ان کے والد کی موت نے ان کی زندگی پر گہرا اثر ڈالا۔ انھیں اپنے والد کی شکل و صورت اور ان کے ساتھ گزارے گئے بعض لمحات یاد تھے، لیکن ان کی موت کے بعد وہ والد کی شفقت اور سرپرستی سے محروم ہو گئیں۔

گلاب کور کے مطابق جگا جٹ نے اپنے منہ کے اندر ایک ایسی جگہ بنوا رکھی تھی جہاں سونے کے سکے چھپائے جا سکتے تھے۔ انھوں نے اس جگہ کے لیے ’گونا‘ کا لفظ استعمال کیا۔ ان کے بقول یہ جگہ بنوانے کے لیے ان کے والد نے تقریباً دو ماہ تک روٹی نہیں کھائی اور صرف دودھ اور کھیر پر گزارا کیا۔

گلاب کور نے فلم سازوں پر بھی سخت تنقید کی۔ ان کے مطابق جگا جٹ پر بننے والی فلموں میں من گھڑت واقعات شامل کیے گئے اور ان کی اصل شناخت اور شخصیت کو مسخ کیا گیا۔

انھوں نے خاص طور پر گگّو گل اور یوگراج سے متعلق ایک فلم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں ان کے والد کو بغیر پگڑی کے ایک عام لٹیرے کے طور پر پیش کیا گیا۔ ان کے بقول فلم بنانے والوں نے نہ ان سے اور نہ ہی خاندان کے کسی دوسرے فرد سے اصل معلومات حاصل کیں۔ اسی وجہ سے انھیں اپنے والد کی ایسی تصویر کشی دیکھ کر دکھ ہوتا تھا۔

گلاب کور نے اپنے والد کو غریبوں کی مدد کرنے والا اور ببر تحریک سے وابستہ افراد کی معاونت کرنے والا شخص بھی قرار دیا۔

انٹرویو کے اختتام پر انھوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی کوئی صحافی ان کے والد کے بارے میں سوال کرتا تو پرانی یادیں تازہ ہو جاتی ہیں اور وہ کئی دن تک اداس رہتی ہیں۔ ان کے مطابق لوگوں نے جگا جٹ کو کبھی ڈاکو اور کبھی ہیرو قرار دیا، لیکن ان کے لیے وہ سب سے پہلے ان کے والد تھے۔ انھوں نے والد کی شفقت اور سرپرستی سے محرومی کا بھی ذکر کیا۔

گلاب کور نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جگا جٹ کی یاد میں ایک یادگار تعمیر کی جائے۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US